پنجاب اسمبلی کے ترقیاتی بجٹ میں 6ارب 35کروڑ کی کٹوتی
جدیدکانفرنسنگ سسٹم ، قائمہ کمیٹیوں کیلئے عمارت ترقیاتی پروگرام سے باہر ایم پی اے ہاسٹل فیز ٹو منصوبے کیلئے 26 کروڑ 88 لاکھ مختص، بجٹ دستاویز
لاہور (سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی کو مالی سال 2026-27 کے لیے تجویز کردہ ترقیاتی بجٹ کے مقابلے میں بڑی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق پنجاب اسمبلی کی جانب سے 7 ارب 41 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز کی درخواست کی گئی تھی تاہم سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی)میں صرف 1 ارب 6 کروڑ روپے مختص کیے گئے ۔یوں اسمبلی کے ترقیاتی بجٹ میں مجموعی طور پر 6 ارب 35 کروڑ روپے کی کمی کر دی گئی۔بجٹ دستاویزات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے دو نئے اہم منصوبے ترقیاتی پروگرام میں شامل نہیں کیے گئے جن میں جدید کانفرنسنگ سسٹم کی تنصیب اور اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کے لیے نئی عمارت کی تعمیر شامل تھی۔ بجٹ میں ایم پی اے ہاسٹل لاہور فیز ٹو منصوبے کے لیے 26 کروڑ 88 لاکھ روپے ، پنجاب اسمبلی میں مسجد کی توسیع، انتظامی سہولیات کی بہتری اور سپیکر و ڈپٹی سپیکر ہاؤسز کی تزئین و آرائش کے لیے 19 کروڑ 48 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔