ترقیاتی منصوبوں پر پی پی کے ایم پی ایز کا بھی حق :گورنرپنجاب
لاہور (سپیشل رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی اور اس نے ہمیشہ عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد کی ہے ۔
اسمبلی میں پیپلزپارٹی اراکین عوام کے حق کے لیے آواز بلند کریں۔ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی مضبوطی اور استحکام کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ یہ بات اُنہوں نے گزشتہ روز گورنر ہاؤس لاہور میں پیپلزپارٹی کے پارلیمنٹیرینز سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔گورنرپنجاب نے کہا کہ سیاست عوام کی خدمت، ان کی مشکلات اور مسائل کوعملی طور پر حل کرنے کا نام ہے ۔ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے ممبران کے ساتھ زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔عوامی ترقیاتی منصوبوں پر پیپلزپارٹی کے ایم پی ایز کا بھی حق ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہے ۔ گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی اکثریت ہے اور حکومت بھی پیپلز پارٹی ہی بنائے گی۔