صارفین کا طرزِ عمل ڈیٹا چوری، سائبر حملوں کی بڑی وجہ ، کیسپرسکی

صارفین کا طرزِ عمل ڈیٹا چوری، سائبر حملوں کی بڑی وجہ ، کیسپرسکی

براؤزر کے عارضی فولڈرز سے فائلیں چلانے پر چوری ،سائبر حملے کا خطرہ بڑھ جاتا 2025کی ڈارک ویب پر ملنے والی 50لاکھ لاگ فائلوں کے تجز ئیے میں انکشافات

 اسلام آباد (نامہ نگار) کیسپرسکی ڈیجیٹل فٹ پرنٹ انٹیلی جنس کی نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ ایک تہائی سے زائد انفو اسٹییلر انفیکشنز، یعنی معلومات چرانے کے لئے کئے جانے والے سائبر حملے ، اس وقت شروع ہوتے ہیں جب صارفین براہِ راست براؤزر کے عارضی فولڈرز سے فائلیں چلاتے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صارفین کا طرزِ عمل اب بھی سائبر حملوں ، ڈیٹا چوری کے بڑے اسباب میں شامل ہے ۔تحقیق کے مطابق صرف 32 فیصد انفو اسٹییلر حملوں میں پراسیس انجیکشن اور "لونگ آف دی لینڈ" جیسی جدید تکنیکیں استعمال کی گئیں، جو عموماً پیچیدہ میلویئر خاندانوں کی خصوصیت سمجھی جاتی ہیں۔کیسپرسکی کے محققین نے 2025 کے دوران ڈارک ویب پر دریافت ہونے والی 50 لاکھ انفو اسٹییلر لاگ فائلوں کا تجزیہ کیا، ان لاگز میں متاثرہ ڈیوائسز سے چوری شدہ معلومات، بشمول اکاؤنٹ تفصیلات، براؤزر کوکیز اور سسٹم میٹا ڈیٹا شامل تھے ۔

ان ریکارڈز سے بدنیتی پر مبنی فائلوں کی اصل لوکیشنز کا بھی پتا چلا،تحقیق کے مطابق متاثرہ فائلوں کی بڑی تعداد ان فولڈرز میں موجود تھی جو انٹرنیٹ سے ڈاؤن لوڈ کی گئی فائلوں کو عارضی طور پر محفوظ رکھنے کے لئے استعمال ہوتے ہیں۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ بہت سے صارفین ڈاؤن لوڈ کی گئی فائلوں کو جانچ پڑتال کے بغیر فوراً چلا دیتے ہیں، جس کے نتیجے میں انفیکشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔تجزیے سے یہ بھی سامنے آیا کہ زیادہ تر انفیکشنز دو خطرناک سرگرمیوں سے منسلک ہیں، غیر معتبر ذرائع سے سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کرنا اور سافٹ ویئر کو غیر قانونی طریقے سے فعال (ایکٹیویٹ) کرنے کی کوشش کرنا۔ متعدد واقعات میں متاثرین حملہ آوروں کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے بدنیتی پر مبنی فائل چلانے سے پہلے اپنا سکیورٹی سافٹ ویئر بھی غیر فعال کر دیتے ہیں۔کیسپرسکی ڈیجیٹل فٹ پرنٹ انٹیلی جنس کے ماہر سرجے شیرابیل کے مطابق 2025 میں انفو اسٹییلر حملوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا اور سال بہ سال بنیاد پر ان میں 59 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تجزیے سے واضح ہوتا ہے کہ صارفین کا رویہ اب بھی متعدد سکیورٹی خلاف ورزیوں کی بنیادی وجہ ہے ۔ اس کے علاوہ تمام کمپیوٹرز اور موبائل ڈیوائسز پر مضبوط سکیورٹی حل، جیسے کیسپرسکی پریمیم، استعمال کرنا ضروری ہے ، جو ممکنہ خطرات سے بروقت آگاہ کرنے اور انفیکشن روکنے میں مدد فراہم کرتا ہے ۔ خطرات سے نمٹنے کیلئے صارفین کو قابلِ اعتماد سافٹ ویئر ،مضبوط سکیورٹی اپنانا ہوگی ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں