سینیٹ کمیٹی کا ٹیلی کمیونیکیشن تنظیم نو بل پر اوپن سماعت کا فیصلہ
مجوزہ قانون سازی میں عوام کے حقِ ملکیت پر اثرات پڑنے کا خدشہ ہے ،سینیٹر پلوشہ
اسلام آباد( آن لائن ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن تنظیم نو ترمیمی بل پر اوپن عوامی سماعت کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مجوزہ قانون سازی کے مختلف پہلوؤں پر سٹیک ہولڈرز اور ماہرین کی رائے حاصل کی جا سکے ۔چیئرپرسن قائمہ کمیٹی نے کہا کہ بل چونکہ ان کی کمیٹی میں زیر غور ہے اس لیے اس پر کھلی سماعت کی جائے گی تاکہ تمام فریقین کو اپنی رائے دینے کا موقع مل سکے ۔اجلاس میں سینیٹر پلوشہ خان نے بل پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ قانون سازی میں عوام کے حقِ ملکیت پر سنگین اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے ۔ ان کے مطابق کنیکٹویٹی کے نام پر عوام کے حقوق کو متاثر نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ یہ بل فائبرائزیشن کے روایتی تصور سے مختلف ہے اور اس شکل میں اسے منظور کرنا مناسب نہیں ہوگا۔