پاک امریکا شراکت داری مضبوط ترین سطح پرآگئی:امریکی ناظم الامور
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے پاکستانی میڈیا کی متوازن اور مثبت کوریج پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی میڈیا نے پاک امریکا تعلقات کے مثبت فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس وقت پاک امریکا شراکت داری اپنی بلند ترین سطح پر ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر مسلسل رابطے جاری ہیں، جن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے درمیان رابطے بھی شامل ہیں۔ نیٹلی بیکر کے مطابق پاکستان اور امریکا کے درمیان حالیہ سفارتی پیش رفت دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سیاست میں پاکستان کا کردار اب زیادہ اہم اور مرکزی حیثیت اختیار کر چکا ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ معاہدے اور سفارتی اقدامات خطے میں استحکام اور پائیدار امن کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے ۔