گلگت بلتستان:پیپلزپارٹی ، آئی پی پی مل کر حکومت بنائیں گی
دونوں پارٹیوں کے اعلیٰ سطح وفود کی ملاقات،مل کر چلنے پر اتفاق کیا سیاسی اشتراک خطے کی ترقی میں معاون ثابت ہوگا :نامزد وزیراعلیٰ
گلگت (دنیا نیوز،اے پی پی)پیپلزپارٹی اور استحکام پاکستان پارٹی نے گلگت بلتستان میں ملکر حکومت بنانے کا اعلان کردیا۔اس حوالے سے سیکرٹری جنرل آئی پی پی میاں خالد محمود کی پیپلز پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید نیئر حسین بخاری، مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ، صوبائی صدر گلگت بلتستان و وزارتِ اعلیٰ کے نامزد امیدوار امجد حسین ایڈووکیٹ پر مشتمل وفد سے ملاقات ہوئی ہے ، اس موقع پر آئی پی پی کے صوبائی صدر حاجی گلبر خان، راجہ جلال مقبول اور ممبر اسمبلی محمد علی موجود تھے ۔
ملاقات میں دونوں جماعتوں کے وفد نے اپنی اپنی تجاویز سامنے رکھیں اورگلگت بلتستان میں مل کر ساتھ چلنے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتوں کے قائدین جو فیصلہ کریں گے اس پر عمل ہوگا۔بعدازاں گلگت میں مشترکہ پریس کانفرنس اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی حکومت سازی کے عمل میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حمایت کرے گی۔ حاجی گلبر خان نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ سیاسی اشتراک خطے میں استحکام اور ترقی کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا ۔امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)اور استحکام پاکستان پارٹی کا خطے کی تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے ایک پلیٹ فارم پر آنا خوش آئند اور مثبت پیشرفت ہے ،حکومت سازی اور دیگر انتظامی و سیاسی معاملات پر باضابطہ عمل آج پیر سے شروع کیا جائے گا۔