امریکا، ایران امن معاہدہ پاکستان کی تاریخی کامیابی:امریکی جریدہ
وزیراعظم اور فیلڈ مارشل جنگ رکوانے کیلئے مرکزی شخصیات کے طور پر ابھرے :بلومبرگ سابق برطانوی پارلیمنٹرین اسٹیفن ،امریکی محکمہ دفاع کے سابق اہلکار کی بھی پاکستان کی ستائش
اسلام آباد (اے پی پی)امریکی جریدے بلومبرگ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ امریکا ایران امن معاہدہ میں کامیاب ثالثی پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی سفارتی کامیابی ہے ،جنگ ختم کرانے کیلئے پاکستانی قیادت کے شاندار کردار نے پاکستان کو دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنا دیا۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے بطور ثالث سب سے پہلے امریکا ایران جنگ بندی معاہد ے کا اعلان کیا ،پاکستانی وزیراعظم اور عسکری قیادت جنگ رکوانے کیلئے مرکزی شخصیات کے طور پر ابھرے ہیں ،پاکستان نے ایرانی قیادت سے ملاقات، اسلام آباد امن مذاکرات اور مشکل ترین سفارتکاری سے امن کا راستہ ہموار کیا،ٹرمپ نے ذاتی طور پر پاکستان کے عسکری سربراہ کو پسندیدہ فیلڈ مارشل قرار دیا۔ رپورٹ کے مطابق سابق برطانوی رکن پارلیمنٹ اسٹیفن نے پاکستان کی کامیاب ثالثی کو عالمی منظر نامے میں اہم ترین کامیابی قرار دیا جبکہ امریکی محکمہ دفاع کے سابق اہلکار کرسٹوفر کلیری نے کہا کہ پاکستان خطے میں بااثر سفارتی اور فوجی کھلاڑی بن چکا ۔دنیا کو تیسری ممکنہ عالمی جنگ کے دہانے سے واپس لانے کیلئے پاکستان کی سول اور عسکری قیادت کی کاوشوں نے پاکستان کا وقار بلند کر دیا۔