پاکستانی کمپنی کا چینی گروپ کیساتھ تانبہ صنعت میں اشتراک
جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی سے کاپر برآمدات وسرمایہ کاری میں اضافے کا امکان
کراچی(بزنس رپورٹر)ملکی تانبے کی صنعت میں ایک اہم پیشرفت سامنے آئی جہاں ایک پاکستانی کمپنی نے چینی گروپ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر لیے ہیں جس کے تحت تانبے کی ری سائیکلنگ، پروسیسنگ اور مینوفیکچرنگ کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اور ممکنہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔ کمپنی کی جانب سے اس پیشرفت سے متعلق تفصیلات اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کردہ خط میں جاری کی گئی ہیں۔کمپنی کے مطابق چینی گروپ نے پاکستان میں بڑے پیمانے پر کاپر ری سائیکلنگ، کاپر پروسیسنگ اور ویلیو ایڈڈ تانبے کی مصنوعات کی تیاری کیلئے جدید ٹیکنالوجی منتقل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے ۔اس شراکت داری کا مقصد نہ صرف مقامی صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے بلکہ پاکستان کو عالمی تانبہ مارکیٹ میں ایک اہم کھلاڑی کے طور پر متعارف کرانا بھی ہے ۔خط میں بتایا گیا ہے کہ دونوں کمپنیاں عالمی سطح پر تانبے کے شعبے میں مشترکہ کاروباری مواقع تلاش کریں گی ۔