ایس ای سی پی کی خواتین کیلئے ڈیجیٹل فنانسنگ اسکیم منظور
خودمختار خاتون پروگرام کے تحت 15لاکھ تک فنانسنگ دستیاب ہوگی
کراچی(بزنس رپورٹر)سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)نے خواتین کاروباری افراد کی مالی خودمختاری اور کاروباری ترقی کے فروغ کیلئے خودمختار خاتون کے نام سے نئی ڈیجیٹل فنانسنگ پروڈکٹ کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت خواتین کو کاروباری اثاثوں کی خریداری کیلئے آسان اور شریعہ کمپلائنٹ مالی سہولت فراہم کی جائے گی۔ایس ای سی پی کے مطابق اس نئی فنانسنگ پروڈکٹ کا مقصد خواتین کاروباری افراد، گھریلو صنعتوں سے وابستہ خواتین اور چھوٹے کاروبار چلانے والی خواتین کو مالی وسائل تک رسائی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے کاروبار کو وسعت دے سکیں اور جدید آلات و مشینری خریدکر پیداواری صلاحیت میں اضافہ کر سکیں ۔کمیشن کے مطابق خواتین1لاکھ سے 15 لاکھ روپے تک کی اثاثہ جاتی فنانسنگ حاصل کر سکیں گی۔ایس ای سی پی نے بتایا کہ یہ فنانسنگ پروڈکٹ مکمل طور پر ڈیجیٹل اور شریعہ کمپلائنٹ ہے جبکہ درخواست کا پورا عمل بھی آن لائن رکھا گیا ہے ۔خواتین حکیم موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے فنانسنگ کیلئے درخواست جمع کرا سکیں گی جس سے مالی سہولت کے حصول کا عمل مزید آسان اور تیز ہو جائے گا۔