اسٹاک ایکسچینج :کاروباری ہفتے کا منفی آغاز،18ارب خسارہ

اسٹاک ایکسچینج :کاروباری ہفتے کا منفی آغاز،18ارب خسارہ

پرافٹ ٹیکنگ کا رجحان،450پوائنٹس گھٹ کرانڈیکس 178471پربند ہوا 80کروڑ74لاکھ سے زائد حصص کے سودے ،کاروباری حجم 23فیصد کم رہا

کراچی(بزنس رپورٹر)رول اوور ویک اور پرافٹ ٹیکنگ کے سبب اسٹاک ایکسچینج کاروباری ہفتے کے پہلے روز اتارچڑھاؤ کے بعد منفی زون میں رہی۔ مندی کے سبب 49فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے 18ارب 55کروڑ روپے ڈوب گئے ۔امریکا ایران مثبت مذاکرات، عالمی سطح پر پٹرولیم قیمتوں میں کمی اور مثبت ملکی معاشی اعدادوشمار سے کاروبار کا آغاز گرین زون میں ہوا،ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 1585پوائنٹس کی تیزی سے 100 انڈیکس کی 1لاکھ 80ہزارکی سطح بھی عبور ہوگئی لیکن بینکنگ، سیمنٹ، فرٹیلائزر، آئی ٹی اور فارما سیکٹر کے شیئرز میں پرافٹ ٹیکنگ لیورج ادائیگیوں سے حصص کی فروخت جیسے عوامل کے سبب جاری تیزی مندی میں تبدیل ہوگئی جس سے 586پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر دوبارہ خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 450.89 پوائنٹس کی کمی سے 178471پوائنٹس پر بند ہوا،اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 108پوائنٹس کی کمی سے 53200پوائنٹس اور آل شیئر زانڈیکس 100 پوائنٹس کی کمی سے 107750پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم 23.10فیصد کم رہا ۔گزشتہ روز 80 کروڑ 74لاکھ 67ہزار 345 حصص کے سودے ہوئے ۔ مجموعی طور پر491 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 214 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 240 میں کمی اور 37 میں استحکام رہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں