طالبان کا جھوٹ پھربے نقاب،کابل ہوٹل میں فتنہ الخوارج کی میزبانی

طالبان کا جھوٹ پھربے نقاب،کابل ہوٹل میں فتنہ الخوارج کی میزبانی

فائیوسٹار ہوٹل میں گل بہادر گروپ کے دہشتگردوں کے عیش وعشرت کی تصاویر وائرل طالبان رجیم کادہشتگرد وں کو محفوظ پناہ گاہیں مہیا کرنیکا پاکستان کا اصولی موقف پھر سچ ثابت

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر) افغان طالبا ن رجیم کا جھوٹ ایک بار پھر بے نقاب، کابل میں فتنہ الخوارج کی وی آئی پی میزبانی کے ثبوت منظرِ عام پر آگئے ۔افغان طالبان رجیم کادہشتگرد گروہوں کو محفوظ پناہ گاہیں مہیا کرنے کا پاکستان کا اصولی موقف ایک بار پھر سچ ثابت ہوگیا ۔کابل کے معروف فائیوسٹار ہوٹل میں حافظ گل بہادر گروپ کے دہشت گردوں کے عیش وعشرت کی تصاویر سوشل میڈیا پروائرل ہوگئیں۔ افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق وائرل تصاویر کابل کے پرتعیش فائیو سٹار انٹرکانٹی نینٹل ہوٹل میں حافظ گل بہادر گروپ کے دہشت گردوں کے قیام کی ہیں ۔تصاویر میں خوارج کمانڈروں کو سوئمنگ پول کے کنارے انتہائی خوشگوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے ، افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق کابل کے فائیو سٹار ہوٹل میں خوارج کیلئے ناچ گانے ، منشیات اور شاہانہ ضیافتوں کے اہتمام کے انکشافات سامنے آئے ہیں۔

وائرل تصاویر میں فتنہ الخوارج کے اہم رہنما ء صدر حیات عرف ابو سفیان اور کمانڈر جلالی موجود، افغان میڈیا رہبر وزیرستانی، کمانڈر غازی اور دیگر خوارج کی بھی فائیو سٹار ہوٹل میں موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے ، افغان میڈیادفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق انٹرکانٹی نینٹل جیسے ہائی سکیورٹی ہوٹل میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ انکو افغان رجیم کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے ۔کابل میں دہشت گردوں کی شاہانہ طرزِ زندگی ثابت کرتی ہے کہ افغانستان اب عالمی اور علاقائی دہشت گردی کا گڑھ بن چکا ہے ، دفاعی ماہرین کے مطابق اگر افغان رجیم اپنی سرزمین پڑوسیوں کیخلاف استعمال ہونے سے نہ روکے تو عالمی قوانین پاکستان کو یکطرفہ دفاع کا قانونی حق دیتے ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں