خیبر:گھریلو تشدد کا شکار فرانسیسی خاتون 4 بچوں سمیت بازیاب
سلوی یاسمینہ پاکستانی شہری سے شادی کے بعد 2014سے باڑہ میں مقیم تھی خاتون ،بچے تھانے منتقل ،واپس فرانس جا نے کی خواہش پر سفارتخانہ کو خط ارسال
پشاور(آئی ا ین پی)ضلع خیبر میں ایک گھر پر چھاپے کے دوران گھریلو تشدد کا نشانہ بننے والی فرانسیسی خاتون سلوی یاسمینہ کو4بچوں سمیت بازیاب کروا لیا گیا۔سی سی پی او میاں سعید کے مطابق غیر ملکی خاتون کو گھریلو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا تھا، متاثرہ خاتون نے ایک پاکستانی شہری سے شادی کی تھی اور 2014 سے باڑہ میں مقیم تھی ۔ خاتون کے مطابق ا سے اپنے شوہر کی جانب سے بدسلوکی کا سامنا تھا جبکہ گھر سے باہر جانے کی اجازت بھی نہیں تھی۔پولیس افسر کے مطابق خاتون کو چار بچوں سمیت ویمن پولیس سٹیشن پشاور منتقل کر دیا گیا ہے ، خاتون نے خواہش ظاہر کی ہے کہ وہ واپس فرانس جانا چاہتی ہے جس پر فارن آفس کی وساطت سے فرانسیسی ایمبیسی کو مراسلہ بھجوا دیا گیا ہے ۔ متاثرہ خاتون کے شوہر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔