فیلڈ مارشل سے لیبیا کی فوج نائب کمانڈران چیف کی ملاقات :دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
پاک فوج دوست ممالک کیساتھ امن، استحکام ،تعمیری روابط کے فروغ کیلئے پرعزم :سی ڈی ایف عاصم منیر لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفترنے امن و استحکام کیلئے خدمات کو سراہا،فوجی تربیت میں تعاون بڑھانے پرزور
راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر)لیبیا کی مسلح افواج کے نائب کمانڈر اِن چیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)راولپنڈی میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیرسے ملاقات کی۔جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو پاک فوج، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی کی صورتحال، دفاعی تعاون اور فوجی سطح پر روابط کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور پیشہ ورانہ فوجی تربیت و سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج دوست ممالک کے ساتھ امن، استحکام اور تعمیری روابط کے فروغ کے لیے پرعزم ہے ۔ انہوں نے علاقائی و عالمی امن کے لیے باہمی تعاون کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔