الیکشن 2018 کی تحقیقات،پی ٹی آئی نے حکومتی چیلنج قبول کرلیا
2024 کے انتخابات کی بھی انکوائری کرائیں :ترجمان کا وزیراعظم کے بیان پر ردعمل
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف نے 2018 کے عام انتخابات کی تحقیقات کا وزیر اعظم شہباز شریف کا چیلنج قبول کر لیا۔ترجمان پی ٹی آئی نے وزیراعظم کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ ہم شہباز شریف کا یہ چیلنج کھلے دل سے قبول کرتے ہیں، الیکشن 2018 کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں ،تحقیقات صرف 2018 نہیں بلکہ 2024 کے انتخابات کی بھی ہونی چاہیے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ 2014، 2018 اور 2024 کے انتخابات کا جامع جائزہ لیا جائے ، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہونا چاہیے ۔ترجمان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 2014 میں صرف چار حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا تھا اور چار حلقے کھلنے پر سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئی تھیں، اُس وقت کی حکومت نے وسیع تحقیقات سے گریز کیا ۔ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ 2024 کے انتخابات میں انتخابی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھے ، سیاسی انتقام اور امیدواروں کو جیلوں میں ڈالنے کے واقعات سامنے آئے ، نتائج تبدیل کئے گئے ،آزاد، بااختیار اور غیر جانبدار کمیشن تشکیل دیا جائے اور تمام انتخابات کی شفاف تحقیقات قوم کے سامنے لائی جائیں ۔