ڈار کا چینی وزیر خارجہ سے رابطہ،ایران امریکا مذاکرات پر گفتگو

ڈار کا چینی وزیر خارجہ سے رابطہ،ایران امریکا مذاکرات پر گفتگو

نائب وزیراعظم نے امن عمل میں چین کے مستقل اور مضبوط تعاون کو سراہا اسلام آباد مفاہمت نامے پر پیش رفت اور کامیاب ثالثی قابلِ تحسین:وانگ یی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے ٹیلیفونک رابطہ کرتے ہوئے چینی کمیونسٹ پارٹی کے 105ویں یومِ تاسیس پر مبارکباد پیش کی،گفتگو کے دوران ایران امریکا امن عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، خصوصاً برگن سٹاک میں ہونے والے اعلیٰ سطح مذاکرات کے پہلے دور پر گفتگو ہوئی ۔اسحاق ڈار نے آگاہ کیا کہ ان مذاکرات کے نتیجے میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی گئی ہے جو اسلام آباد مفاہمت نامے کے تحت ثالثی عمل کی نگرانی کرے گی۔ 3 ورکنگ گروپس تشکیل دئیے گئے ہیں جو جوہری مسئلے ، پابندیوں، اور نگرانی و تنازعات کے حل پر کام کریں گے تاکہ فریقین کے درمیان 60 دن کے اندر حتمی معاہدے کی راہ ہموار کی جا سکے ۔نائب وزیراعظم نے امن عمل میں چین کے مستقل اور مضبوط تعاون کو سراہا اور صدر شی جن پنگ کے چار نکاتی امن منصوبے اور پاکستان-چین کے 5 نکاتی امن اقدام کی اہمیت پر زور دیا۔چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستان کی قیادت اور نائب وزیراعظم کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد مفاہمت نامے پر کامیاب پیش رفت اور ثالثی عمل کی کامیاب انجام دہی قابلِ تحسین ہے ۔ انہوں نے پاکستان کی مسلسل امن، استحکام اور سفارتی رابطوں کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے چین کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور چین باہمی تعاون کو مزید مضبوط بناتے ہوئے مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے ، تاکہ خطے میں دیرپا امن، مشترکہ ترقی اور خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں