پاک ایران وزرا ئے داخلہ کی ملاقات،سکیورٹی تعاون پر اتفاق
سوئٹزرلینڈ میں پیش رفت مخلصانہ ایرانی کوششوں کے بغیر ناممکن تھی:محسن تعاون کو مزید آگے بڑھانے کیلئے جلد پاکستان کا تفصیلی دورہ کرونگا:سکندر مومنی
اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایران کے وزیر داخلہ ڈاکٹر سکندر مومنی نے اہم ملاقات کی، جس میں پاک ایران تعلقات، امن معاہدے کے بعد خطے کی تازہ ترین صورتحال اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ایرانی وزیر داخلہ نے ایرانی صدر اور ان کے وفد کا پاکستان آمد پر بھرپور خیر مقدم کرنے پر پاکستانی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں وزرائے داخلہ نے خطے میں کشیدگی کم ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے برگن سٹاک، سوئٹزرلینڈ میں مشترکہ اعلامیہ پر ایرانی ہم منصب کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا یہ معاہدہ حکومتِ ایران اور ان کی مخلصانہ کوششوں کے بغیر ممکن نہ تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ سے دنیا بھر میں امن و استحکام کا خواہاں رہا ہے اور مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ ایرانی وزیر داخلہ نے ایران امریکا مذاکرات میں پاکستان کے مخلصانہ کردار اور پاکستانی قوم کے بھرپور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا وہ جلد پاکستان کا تفصیلی دورہ کریں گے تاکہ دونوں ممالک کی وزارتِ داخلہ کے مابین تعاون کو مزید آگے بڑھایا جا سکے ۔ ملاقات میں سکیورٹی تعاون، انسدادِ دہشت گردی، سائبر سکیورٹی اور امیگریشن سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا،محسن نقوی نے امید ظاہر کی کہ اس امن معاہدے کے خطے پر دور رس نتائج سامنے آئیں گے ۔