قائم مقام صدر آزاد کشمیر لطیف اکبر کے کاغذات نامزدگی مسترد
مظفر آباد،اسلام آباد، (دنیا نیوز،سٹاف رپورٹر ) مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کیلئے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کا عمل جاری ہے۔
قائم مقام صدر آزاد کشمیر چودھری لطیف اکبر کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دئیے گئے ۔ذرائع کے مطابق لطیف اکبر کے کاغذات نامزدگی مخالف امیدوار ثاقب مجید راجہ کی جانب سے چیلنج کیے گئے تھے ، درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ چودھری لطیف اکبر ایک آئینی عہدے پر فائز ہیں اور اس حیثیت میں وہ الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے ۔ریٹرننگ آفیسر نے تحریری درخواست پر فریقین کے دلائل سنے ، لطیف اکبر کی جانب سے چودھری شوکت ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے ، تاہم بحث مکمل ہونے کے بعد ریٹرننگ آفیسر نے فیصلہ سناتے ہوئے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے ۔آزاد کشمیر انتخابات کے سلسلے میں مختلف حلقوں میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے ۔ادھر آزاد کشمیر میں آئندہ عام انتخابات کے لیے پیپلز پارٹی نے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ دینے کے لیے پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا ہے ۔بورڈ میں فریال تالپور، نیئر حسین بخاری ،محمد ہمایوں خان ،چودھری محمد یٰسین، فیصل ممتاز راٹھور ،چودھری لطیف اکبر،سردار یعقوب خان ،میاں عبدالوحید،سردار قمر زمان ، سردار تنویر الیاس، چودھری پرویز اشرف، راجہ پرویز اشرف، مخدوم سید احمد محمود، نثار احمد کھوڑو، سردار محمد عمر گورگیج، سید محمد علی باچا اور چودھری ریاض شامل ہیں ، بورڈ کو چیئرمین کے سیکرٹریٹ نے نوٹیفائی کر دیا ہے ۔