سرگودھا : منتہا سے زیادتی کی تصدیق، ٹوٹی کھوپڑی، چہرے، جسم پر زخم : پوسٹمارٹم رپورٹ
گردن پر 7۔2 سینٹی میٹر گہرا زخم موجود ،اہم شریان کٹ گئی ، دماغ کے اندر بھی خون جم گیا، سوجن کے متعدد نشانات چوٹ لگنے ،انتقال میں ایک گھنٹے کا فرق، بچی شدید تکلیف سے گزری،3 ملزموں کے ڈی این اے لاہور بھیج دئیے گئے
سرگودھا(نعیم فیصل سے )سرگودھامیں درندگی کا نشانہ بننے والی7 سالہ بچی منتہا کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق معصوم بچی سے زیادتی کے شواہد موجود ہیں جبکہ اس پر وحشیانہ تشدد کیا گیا،اس کے جسم پر متعدد مہلک زخم پائے گئے ،ذرائع کے مطابق ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں پتہ چلا ہے کہ بچی کی گردن پر تقریباً 7۔2 سینٹی میٹر گہرا زخم موجود تھا جس سے اہم شریان کٹ گئی،سر پر شدید ضربوں کے باعث کھوپڑی میں متعدد فریکچر ہوئے جبکہ دماغ کے اندر بھی خون جما ہوا پایا گیا۔رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ ٹھوڑی کے نیچے گہرا زخم، چہرے پر خراشیں اور سوجن کے متعدد نشانات موجود تھے ۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق فرانزک تجزیے کے لیے اہم نمونے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی لاہور بھجوا دئیے گئے ہیں۔ ابتدائی طبی مشاہدات میں جنسی تشدد یا زیادتی کی تصدیق ہو گئی تاہم اس حوالے سے حتمی رائے فرانزک رپورٹ موصول ہونے کے بعد دی جائے گی۔ڈاکٹروں کی ابتدائی رائے کے مطابق منتہا زہرا کی موت گردن اور سر پر لگنے والی مہلک چوٹوں کے نتیجے میں دل اور سانس بند ہونے سے ہوئی، رپورٹ میں یہ بھی درج ہے کہ چوٹ لگنے اور موت کے درمیان تقریباً ایک گھنٹے کا وقفہ تھا اور یہ تفصیلات اس اندوہناک حقیقت کی عکاسی کرتی ہیں کہ معصوم بچی اپنی زندگی کے آخری لمحات میں شدید تکلیف اور اذیت سے گزری۔ واقعے نے نہ صرف اہل خانہ بلکہ پورے سرگودھا اور ملک بھر کے عوام کو غم و غصے میں مبتلا کر رکھا ہے ، دوسری جانب گرفتار3 ملزموں کا ڈی این اے میچ کرنے کے لئے لاہور لیبارٹری بھجوائے گئے ہیں جس کی رپورٹ کا انتظار ہے ، 7 سالہ بچی کے مقدمہ کا مرکزی ملزم سی سی ڈی کیساتھ مبینہ مقابلے میں ہلاک ہوچکا ہے ۔