وینز ویلا میں زلزلے سے تباہی، عمارتیں ملبے کا ڈھیر،اموات ایک لاکھ تک ہو سکتی ہیں : امریکی ادارہ

وینز ویلا میں زلزلے سے تباہی، عمارتیں ملبے کا ڈھیر،اموات ایک لاکھ تک ہو سکتی ہیں : امریکی ادارہ

زلزلے کی شدت7اعشاریہ5ریکارڈ،188ہلاک،سینکڑوں زخمی و لاپتا،متعدد ملبے تلے دب گئے ،صورتحال انتہائی سنگین، وینزویلین صدر ڈیلسی روڈریگیز دارالحکومت کراکس سمیت کئی علاقے متاثر، بجلی معطل، ایمرجنسی نافذ،کئی ممالک کی امدادی ٹیمیں روانہ،اقوام متحدہ کی امداد کی اپیل، صدر ، وزیر اعظم کاافسوس

لا گوایرا ،کراکس(اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک) وینزویلا میں دو شدید زلزلوں سے تباہی ، 188 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی و لاپتا ہو گئے ، عمارتیں منہدم ہو گئیں، ملبے تلے دبے افراد کو بچانے کے لیے شہری اور امدادی ٹیمیں سرگرم ہیں۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق وینزویلا کے شمالی حصے میں ایک کے بعد ایک 7اعشاریہ2 اور 7 اعشاریہ 5 شدت کے زلزلے آئے ، پہلا زلزلہ بدھ کی سہ پہر کراکس سے تقریباً 160 کلومیٹر مغرب میں آیا، جس کے ایک منٹ سے بھی کم وقت بعد دوسرا شدید جھٹکا محسوس کیا گیا،امریکی جیولیوجیکل سروے نے وینزویلا میں زلزلے کے باعث 10 ہزار سے ایک لاکھ کے درمیان اموات اموات کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ زلزلے کے جھٹکے کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا اور برازیل کے شمالی علاقوں کے کئی شہروں میں بھی محسوس کیے گئے ۔ ماہرین کے مطابق آفٹر شاکس نے بھی نقصان میں اضافہ کیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لا گوایرا سمیت متعدد علاقے شدید متاثر ہوئے ۔ عمارتوں میں دراڑیں پڑ گئیں، کئی مکانات منہدم ہوگئے ، لوگ عمارتوں کے ملبے سے اپنے پیاروں کو تلاش کر رہے ہیں جبکہ سینکڑوں افراد تاحال لاپتا ہیں۔ساحلی شہر کاتیا لا مار میں بجلی کی فراہمی معطل ہے ۔

کراکس اور آس پاس کے علاقوں میں بھی کئی عمارتیں زمین بوس ہو گئی ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ دارالحکومت کے قریب واقع ہوائی اڈہ بھی شدید نقصان کے باعث بند کر دیا گیا ہے ، جبکہ مختلف ممالک سے امدادی ٹیمیں وینزویلا روانہ کی جا رہی ہیں۔اقوام متحدہ نے صورتحال کو بڑے پیمانے کی انسانی ہنگامی صورتحال قرار دیتے ہوئے فوری عالمی امداد کی اپیل کی ہے ۔وینز ویلا کی عبوری صدر ڈیلسی روڈریگیز نے بتایا کہ زلزلوں سے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور صورتحال انتہائی سنگین ہے ،188افراد ہلاک ہو چکے ،970سے زائد افراد زخمی ہونے کی ابتدائی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔ملک میں بجلی اور بنیادی سہولیات کی بندش کے باعث صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے ۔عبوری صدر کے مطابق کراکس کے قریب واقع بین الاقوامی ہوائی اڈہ شدید نقصان کے باعث بند کر دیا گیا ہے ، جس سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیدا ہونے کا خدشہ ہے ۔پوپ لیو نے وینزویلا کے لیے فوری طور پر ایک لاکھ یورو کی ابتدائی امداد بھیجنے کا اعلان کیا ہے ۔ ویٹیکن نے اس اقدام کو ابتدائی تعاون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مزید امدادی کوششوں پر بھی غور کیا جا رہا ہے ۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا کی جانب سے حکومت کی مکمل سطح پر امدادی کارروائی کی جا رہی ہے اور امریکی فوج رسد اور امدادی انتظامات میں اہم کردار ادا کرے گی۔ماہرین کے مطابق دو شدید زلزلوں نے ایک صدی سے زائد عرصے کا ریکارڈ توڑ دیا،7اعشاریہ 5شدت کا یہ زلزلہ 29 اکتوبر 1900 کے بعد وینزویلا کا سب سے طاقتور زلزلہ ہے ۔

وینزویلا کی حالیہ تاریخ کے بڑے زلزلوں میں 1997 میں شمال مشرقی علاقے میں آنے والا زلزلہ شامل ہے ، جس میں 73 افراد ہلاک ہوئے ، جبکہ 1967 میں کراکس میں آنے والے زلزلے میں 236 افراد جان سے گئے تھے ۔ 1812 میں آنے والے ایک بڑے زلزلے میں تقریباً 30 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے ۔صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے وینزویلا میں زلزلے سے تباہی و نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے ۔ایکس پر جاری اپنے ایک پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے عوام وینزویلا کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی اور متاثرہ افراد کے لیے ہمت، حوصلے اور استقامت کی دعا کی۔اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے وینزویلا کی حکومت، عوام اور متاثرین کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی کیا اور کہا کہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں متاثرہ افراد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔دوسری جانب جاپان کے شمالی علاقے میں 6اعشاریہ9 شدت کے طاقتور زلزلے کے بعد حکام نے کہا ہے کہ اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ حکومت کے ترجمان منورو کیہارا کے مطابق صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور ممکنہ نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں