2027ء تک سود سے پاک مالی نظام کی تیاری کا فیصلہ
اسلامی مالیاتی نظام کی طرف مرحلہ وار منتقلی،سکوک کے اجرا کا نیا نظام آئیگا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں2027ء کے بعد کے فنانشل سسٹم کی حکمت عملی پر کام شروع کر دیا گیاہے ، وزارت خزانہ کے مطابق 2027ء تک سود سے پاک مالی نظام کی تیاری کا فیصلہ کر لیا گیا، حکومت، سٹیٹ بینک اور ایس ای سی پی مل کر منصوبہ نافذ کریں گے ۔وزارت خزانہ کے مطابق 2025ء تک فنانشل سیکٹر کے اثاثوں کی مالیت 79 ہزار 780 ارب روپے تک پہنچ گئی، جی ڈی پی کے لحاظ سے اثاثوں کی شرح 68.5 فیصد ہے، سب سے زیادہ 63 ہزار 231 ارب روپے کے اثاثے بینکوں کے پاس ہیں، نان بینکنگ فنانشل اداروں کے اثاثوں کا حجم 6 ہزار 844 ارب روپے ہے ، اسلامی مالیاتی نظام کی طرف مرحلہ وار منتقلی کی جائے گی۔رپورٹ کے مطابق سکوک کے باقاعدہ اجرا کا نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیاہے ، شارٹ ٹرم سکوک کے اجرا پر کام تیز کیا جائے گا،وفاقی اور صوبائی قوانین میں ترامیم کی تیاری کا بھی پلان بنا لیا گیاہے ، شریعت کے مطابق مالیاتی نظام کے لیے قانونی اصلاحات کا فیصلہ کیا گیاہے ۔ اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی بھی شریعت کے مطابق ہوگیا۔