پنجاب اسمبلی: ضمنی بجٹ منظور، عادی مجرم بل اگست تک موخر

پنجاب اسمبلی: ضمنی بجٹ منظور، عادی مجرم بل اگست تک موخر

نواز شریف کو ایٹمی دھماکوں اورسی پیک کی قیمت چکانا پڑی:مجتبیٰ شجاع،اسمبلی ملازمین کو4ماہ کابونس دینے کااعلان وزیراعلیٰ نے طیارہ عوامی خدمت کیلئے خریدا:مریم اورنگزیب،اپوزیشن کا احتجاجاً کارروائی کا بائیکاٹ اور واک آؤٹ

لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر ملک محمد احمد خان کی صدارت میں ہوا، جس میں ضمنی بجٹ 2025-26، پنجاب کنٹرول آف ہیبیچوئل آفینڈرز (عادی مجرم )بل 2026، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر اہم معاملات پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان گرما گرم بحث ہوئی۔ ایوان نے مالی سال 2025-26 کے ضمنی بجٹ کے 38 مطالباتِ زر کثرتِ رائے سے منظور کر لیے ، اپوزیشن نے احتجاجاً کارروائی کا بائیکاٹ کرتے ہوئے واک آؤٹ کر دیا۔ اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی نے پنجاب کنٹرول آف ہیبیچوئل آفینڈرز بل 2026 پر اعتراض کرتے ہوئے کہا یہ بل بنیادی آئینی حقوق اور آزادیٔ اظہارِ رائے کے منافی ہے اور اسے سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کیا جا سکتا ہے ، وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان نے اعلان کیا کہ بل کو مزید غور کے بعد اگست کے اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

مجتبیٰ شجاع الرحمان نے اپوزیشن کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا نواز شریف کو ایٹمی دھماکوں اور بعد ازاں سی پیک منصوبہ لانے کی قیمت اقتدار سے محرومی کی صورت میں چکانا پڑی۔سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہاوزیراعلیٰ کے لیے طیارہ عوامی خدمت، سیلاب اور ہنگامی حالات میں فوری رسائی کے لیے خریدا گیا ہے ،اپوزیشن نے تقاریر کے لیے کم وقت ملنے پر احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ کر دیا، جس کے بعد وزیر خزانہ نے ضمنی بجٹ کی تمام 38 گرانٹس منظوری کے لیے پیش کیں، جنہیں ایوان نے کثرتِ رائے سے منظور کر لیا۔اجلاس کے اختتام پر وزیر خزانہ نے بجٹ بنانے ،پیش کرنے اوراجلاس کرانے والے پنجاب اسمبلی، محکمہ قانون، 90 شاہراہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے ملازمین کیلئے چار ماہ کی اعزازی تنخواہ دینے کا اعلان کیا، اجلاس آج دوپہر ایک بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں