فراڈکیس:نابینا خاتون کو 1 کروڑ 92 لاکھ واپس مل گئے
عدالت کاباقی رقم کیلئے ملزم بینک منیجرکی دونوں گاڑیاں خاتون کے حوالے کرنیکاحکم
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ کے روبروریکوری کیس میں زیر سماعت متفرق درخواست میں بینک منیجر کے ہاتھوں مالی فراڈ کا شکار نابینا خاتون کو ایک کروڑ 92 لاکھ روپے کی رقم واپس مل گئی، جسٹس اعظم خان اور جسٹس انعام امین منہاس پرمشتمل بینچ نے بقایا رقم کے ازالے کیلئے بینک منیجر رمیزجاویدکی دونوں گاڑیاں نابینا خاتون کے حوالے کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایف آئی اے کوتفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔درخواست گزار خاتون درخشاں مرزا عدالت میں پیش ہوئیں اور کہاآپ ججز صاحبان کا بہت بہت شکریہ ،عدالت نے سماعت 7 جولائی تک ملتوی کر دی۔یادرہے کہ ٹرائل کورٹ نے خاتون درخشاں مرزا کی دو کروڑ سے زائد رقم ہڑپ کرنے پربینک منیجر رمیز جاوید کوپانچ سال قید کی سزا سنائی تھی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے رمیز جاوید کی سزا کے خلاف اپیل بھی مسترد کر دی تھی۔