موجودہ حالات میں ملک کو سنگین چیلنجز کا سامنا : ملک احمد خان
مہنگائی سے نمٹنے کے لیے حکومت اور نجی شعبے کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لیے ملازمتوں کی تلاش میں ہیں، میڈیا سے گفتگو
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں پاکستان کو سنگین نوعیت کے چیلنجز کا سامنا ہے ، تاہم حکومت اور افواجِ پاکستان مل کر ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج نوجوانوں میں بے روزگاری، مہنگائی اور محدود روزگار کے مواقع سب سے بڑے مسائل بن چکے ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے حکومت اور نجی شعبے کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی، سرگودھا میں نجی ہسپتال کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ پنجاب کی تقریباً 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، اس لیے ان کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لیے ملازمتوں کی تلاش میں ہیں، لیکن روزگار کے مواقع محدود ہیں، اس صورتحال میں سرکاری اور نجی شعبے کو مل کر نئی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہوں گے تاکہ بے روزگاری میں کمی لائی جا سکے ،موجودہ دور میں مہنگائی اور بے روزگاری ملک کے بڑے چیلنجز ہیں، جن پر قابو پانے کے لیے مثبت سوچ اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ برصغیر خصوصاً پاکستان میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ زیادہ قوانین بنانا ہی بہتری کی علامت ہے ، حالانکہ دنیا کے کئی ترقی یافتہ ممالک برسوں تک ایک ہی مؤثر قانون پر عمل کرکے کامیابی حاصل کرتے رہے ہیں۔