سکھر:امپورٹڈ کپڑے کاا چھینا گیا ٹرالر شکارپور، کپڑا خیرپور سے برآمد
کپڑے کی مالیت 7 کروڑ، واردات میں ٹرالر ڈرائیور، 2تاجر ملوث، مقدمہ درج
سکھر (بیورو رپورٹ)خیرپور کے علاقے ببرلو کے قریب مسلح ملزمان نے کراچی سے لاہور جانے والے ٹرالر کو لوٹ کر 7 کروڑ روپے مالیت کا امپورٹڈ کپڑا چھین لیا۔ ایس پی سکھر امیر سعود مگسی کے مطابق پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سکھر سے مسروقہ مال برآمد کر لیا ہے ۔ ایس ایس پی امیر سعود مگسی نے میڈیا کو بتایا کہ پانچ ملزمان نے خیرپور کے علاقے ببرلو کے قریب ٹرالر کو روکا اور اسلحے کے زور پر قبضے میں لے لیا۔ ملزمان نے ٹرالر کا ٹریکر اتار کر پھینک دیا اور سامان دوسری گاڑیوں میں منتقل کر کے فرار ہو گئے ۔
سامان اتارنے کے بعد خالی ٹرالر ضلع شکارپور میں چھوڑ دیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ اے ایس پی صہیب امین کی قیادت میں پولیس نے سکھرکے علاقے سائٹ ایریا میں ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے 7 کروڑ روپے مالیت کا مسروقہ امپورٹڈ کپڑا برآمد کر لیا۔ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ واردات مکمل منصوبہ بندی کے تحت کی گئی۔ اس میں سکھر کے دو تاجر، ٹرالر ڈرائیور اور ایک نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کے دو ملازمین ملوث ہیں۔ایس ایس پی نے کہا کہ واقعے کا مقدمہ خیرپور کے تھانہ ببرلو میں درج کر لیا گیا ہے ، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان کے خلاف دوسرا مقدمہ سکھر میں بھی درج کیا جا رہا ہے ۔