2 پاکستانی تیونس سے ڈی پورٹ لاہور ایئرپورٹ پر گرفتار،جعلی دستاویزات پر کینیڈا جانے والا مسافر،ایجنٹ پکڑے گئے
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے، این این آئی)غیر قانونی طور پر اٹلی جانے کی کوشش کرنے والے 2پاکستانی شہریوں کو تیونس سے ڈی پورٹ کر دیا گیا جبکہ ایف آئی اے امیگریشن نے جعلی دستاویزات کے ذریعے کینیڈا جانے کی کوشش ناکام بنا کر مسافر اور اس کے مبینہ ایجنٹ کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اٹلی جانے کی کوشش میں تیونس سے ڈی پورٹ ہونیوالے محمد انس اور محمد ارسلان کو لاہور ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے تحویل میں لے لیا ہے ۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق دونوں کچھ عرصہ سعودی عرب میں مقیم رہے ،بعد ازاں لیبیا کے راستے کشتی کے ذریعے غیر قانونی طور پر اٹلی پہنچنے کی کوشش کی تاہم دورانِ سفر تیونس کی پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا،علاوہ ازیں ایف آئی اے امیگریشن نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جعلی دستاویزات کے ذریعے کینیڈا جانے کی کوشش ناکام بنا کر عمر جمیل اور مبینہ ایجنٹ عتیق کو بھی ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا،ایجنٹ نے 65لاکھ روپے میں ویزافراہم کیا تھا۔