پاکستان پوسٹ میں 30فیصد اسامیاں ختم کرنے کی تجاویز مؤخر
ڈی جی کا ملازمین کی برطرفی کے بجائے انسانی وسائل کے مؤثر استعمال پر زور
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ نے محکمے کی 30 فیصد اسامیاں ختم کرنے اور ملازمین کو سرپلس پول میں بھجوانے اور خسارے کا شکار 20 فیصد ڈاکخانے بند کرنے کی تجاویز کو موخر کر دیا ، پاکستان پوسٹ آفس نے قبل ازیں 11 جون کو پاکستان پوسٹ آفس کی ری سٹرکچرنگ اور بزنس پلان کے لئے ہدایات جاری کی تھیں ،جس میں ہومین ریسوریس مینجمنٹ کے تحت محکمے کی 30 فیصد اسامیاں ختم کرنے اور ملازمین کو سرپلس پول بھجوانے کی تجویز تھی ،جبکہ ڈاکخانوں کی نشاندہی کرکے 20 فیصد خسارے کا سامنا کرنے والے ڈاکخانے بند کرنے کی تجویز تھی، تاہم ڈائریکٹر جنرل پوسٹ افس نے فی الحال مذکورہ تجاویز کو موخر کر دیا ، ڈی جی پوسٹ آفس نے محکمے کو خسارے سے نکالنے ، پائیدار بنانے اور منافع بخش ادارہ بنانے کے لئے وضاحتی ری سٹرکچرنگ و بزنس پلان جاری کر دیا، جس کے لئے متعلقہ حکام اور پوسٹ ماسٹر جنرلز کو ہدایات ارسال کر دی گئی ہیں ، پلان کے مطابق اسامیوں کو ختم کرنے کی بجائے ملک بھر کے ڈاکخانوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تین مراحل میں آٹومیشن کا عمل مکمل کیا جائے گا ،پہلے مرحلے میں 500 اہم پوسٹ آفسز کو ڈیجیٹل کیا جائے گا، دوسرے مرحلے میں چھ ماہ کے عرصے میں ہزار (1000 )پوسٹ آفسز کو نیٹ ورک کا حصہ بنایا جائے گا اور آخری فیز میں اگلے چھ ماہ میں 1261 پوسٹ آفسز کی آٹومیشن مکمل کر کے مجموعی طور پر 2761 ڈاکخانوں کو جدید ترین نظام سے منسلک کر دیا جائے گا۔محکمے کی آمدن میں اضافے کے لئے پاکستان پوسٹ کی غیر متنازعہ جائیدادوں کوکرایہ پر دیاجائیگا، بین الاقوامی پارٹنرز کے ساتھ مل کر ای کامرس اور لاجسٹکس سروسز کا دائرہ کار بڑھایاجائے گا،اس مقصد کے لئے نئے کاروباری منصوبوں کی تیاری، آر ایف پی دستاویزات کی اشاعت اور ماہر کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کرنے کی ذمہ داری ڈپٹی ڈائریکٹر جنرلز کو سونپی گئی ہے ، ڈی جی افس نے آپریشنل گاڑیوں اور پوسٹ مینز کی موٹر سائیکلوں کے اخراجات کو کنٹرول کرنے کے لئے سرکل وائز بریک اپ طلب کر لیا گیا اور تمام پوسٹ ماسٹر جنرلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری اخراجات کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ نے روزنامہ دنیا کے سوالات کا جواب نہیں دیا۔