لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آج بارش کی پیشگوئی

 لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آج بارش کی پیشگوئی

بیشتر علاقوں میں موسم گرم ، مرطوب رہیگا ، کراچی میں گرمی بڑھنے کا امکان اپر چترال کے ندی نالوں میں طغیانی ،واحد رابطہ پل بہہ گیا، زمینی رابطہ منقطع

لاہور،اسلام آباد /چترال (آن لائن،این این آئی)محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آج بارش کی پیشگوئی کردی ہے ،جس کے بعد حبس اور گرمی کی شدت میں واضح کمی متوقع ہے ، ادھر اپر چترال میں گلیشیائی پگھلا ؤکے باعث ندی نالوں میں شدید طغیانی سے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ، بڑے پیمانے پر نقصان کی اطلاعات ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ ، نارووال ، مری، گلیات، گجرات، گوجرانوالہ سمیت دیگر علاقوں ،گلگت بلتستان،بلوچستان، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آج بعد از دوپہر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے تاہم پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے شہر نوکنڈی میں سب سے زیادہ درجہ حرارت45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دالبندین، جیکب آباد اور دادو میں 44، مظفرآباد 39 ،لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ میں 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 7 جولائی سے ملک میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہونے کا امکان ہے جبکہ کراچی کے درجہ حرارت میں 2ڈگری تک اضافہ ہو سکتا ہے ۔ادھرپختونخوا کے علاقہ اپر چترال میں گلیشیائی پگھلا ؤکے باعث ندی نالوں میں شدید طغیانی سے یارخون کے علاقے بانگ گول میں گھروں، باغات اور دیگر املاک کو نقصان پہنچا ، بنگ نالہ پر قائم واحد رابطہ پل دریا برد ہوگیاجس سے یارخون کی تقریباً 50ہزار آبادی کا واحد زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق ملک کے تمام بڑے دریاؤں میں پانی کی سطح معمول کے مطابق ہے ، خطرناک صورتحال نہیں ، متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کر دی گئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں