کارگل جنگ کے ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان کی برسی منائی گئی
آئی جی ایف سی پختونخوا (نارتھ)کی شہید کے مزا رپر حاضری ، دستے کی سلامی قوم اپنے بہادر بیٹے کو سلام پیش کرتی ہے :صدر ، وزیراعظم و دیگر کا خراج تحسین
پشاور،اسلام آباد،لاہور (این این آئی ،دنیا نیوز،آن لائن)5جولائی 1999کوبھارت کیخلاف کارگل کے محاذ پرعزم و ہمت کی داستان رقم کرنے والے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی27ویں برسی گزشتہ روزملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی ، اس موقع پر آئی جی ایف سی خیبر پختونخوا (نارتھ)میجر جنرل راؤ عمران سرتاج نے شہید کے مزا رپر حاضری دی اور پھول چڑھائے، ایف سی کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی جبکہ مختلف مساجد میں قرآن خوانی اور دعاؤں کا خصوصی اہتمام کیا گیاتھا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے الگ الگ پیغامات میں کہا ہے کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی لازوال قربانی ہمیشہ زندہ رہے گی، پاکستانی قوم اپنے بہادر بیٹے کو سلام پیش کرتی ہے ،دشمن بھی کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی بہادری کا معترف ہے ، شہداء ہمارا قومی سرمایہ ہیں، ان کی قربانیوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا ۔ واضح رہے 27 سندھ رجمنٹ سے تعلق رکھنے والے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو کارگل معرکے میں دشمن کو تاریخی شکست دینے پر پاکستان کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیاتھا۔