غیر ملکی خواتین کا معاملہ خوامخواہ اچھالا جارہا : سینیٹر رانا ثنا

 غیر ملکی خواتین کا معاملہ خوامخواہ  اچھالا جارہا : سینیٹر رانا ثنا

اسلام آباد ،فیصل آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ لاہور میں غیرملکی خواتین کے مبینہ اغوا و زیادتی کا معاملہ خوا مخوا اچھالا جا رہا ہے اور معاملے کو کھینچ کراسحاق ڈار کی طرف لانے کی کوشش کی جارہی، نان ایشو کو ایشو بنانے کی کوشش ہورہی ہے۔۔۔

 وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی جانب گامزن ہے ، 2018 میں ایک’’نااہل شخص‘‘کے اقتدار میں آنے سے ملکی ترقی کا سفر متاثر ہوا، تبدیلی کے کھوکھلے نعروں سے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نجی ٹی وی سے گفتگواورفیصل آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راناثنااللہ نے مزید کہا کہ غیرملکی خواتین کے مبینہ اغوا و زیادتی کیس کے مکمل شواہدانویسٹی گیشن ایجنسی کو میسر ہیں، مقدمہ چلانے کیلئے اور کسی چیز کی ضرورت نہیں، خواتین کادفعہ 164 کا بیا ن ملزموں کو سزا دلانے کیلئے کافی ہے ، گھٹیا ذہن ایک خاص مقصد کیلئے اس معاملے کو اچھال رہا ہے ، ضرورت پڑنے پرغیرملکی خواتین کوبلایاجاسکتا ہے ،فیصل واوڈا کا نائب وزیراعظم کا استعفیٰ مانگنا انتہائی بے بنیاد ہے ۔ علاوہ ازیں اپنے آبائی حلقے فیصل آباد میں اجتماع سے خطاب میں مشیر وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور عوام کی ترقی و فلاح ہمیشہ پارٹی کی اولین ترجیح رہی ہے ،مسلم لیگ (ن)کے ادوار میں ملک نے ہمیشہ ترقی کی ، ملک سے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مؤثر اقدامات کئے ، ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں