پمز کی صورتحال آئیڈیل نہیں ، کوتاہیاں موجود ہیں :وزیر صحت
ہر گلی میں بھی ہسپتال بنا کر بھی مریضوں کی تعداد کا مقابلہ نہیں کر سکتے ، خطاب
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز)میں صورتحال آئیڈیل نہیں ،انتظامی کوتاہیاں موجود ہیں، تاہم مضبوط بلدیاتی نظام اور مؤثر پرائمری ہیلتھ سسٹم سے حالات بہتر بنائے جا سکتے ہیں ، پمز میں کارڈیک سینٹر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ ہسپتال 1984 میں صرف 7 لاکھ آبادی کیلئے بنایا گیا تھا، جبکہ آج اسلام آباد کی آبادی 50 لاکھ تک پہنچ چکی ہے اور روزانہ 7 سے 9 ہزار مریض یہاں آتے ہیں۔
انہوں نے کہا نزلہ، زکام اور بخار جیسے معمولی امراض کے لئے بھی لوگ بڑے ہسپتالوں کا رخ کرتے ہیں، کیونکہ بنیادی صحت کا نظام کمزور ہے ۔ پمز میں دل کے مریضوں کیلئے فیراپلس مشین فعال کر دی گئی جس سے مستحق مریضوں کو مفت علاج کی سہولت ملے گی۔وزیر صحت نے کہا پاکستان کی آبادی میں ہر سال تقریباً 67 لاکھ افراد کا اضافہ ہو رہا ہے ، ہم ہر گلی کے کونے پر ہسپتال بنا کر بھی مریضوں کی تعداد کا مقابلہ نہیں کر سکتے ،اس لئے صرف نئے ہسپتال بنا کر مسئلہ حل نہیں ہوگا بلکہ بچوں کی پیدائش میں وقفے اور آبادی پر قابو پانے کیلئے آگاہی ضروری ہے ،ملک میں 68 فیصد بیماریاں آلودہ پانی سے پیدا ہوتی ہیں۔