پٹرول لیوی بھتہ کیخلاف جمعہ کو ملک گیر مظاہرے ، دھرنے ہونگے: حافظ نعیم

 پٹرول لیوی بھتہ کیخلاف جمعہ کو ملک گیر مظاہرے ، دھرنے ہونگے: حافظ نعیم

احتجاج کے علاوہ مہنگائی کم کرانیکا کوئی راستہ نہیں، غیرملکی خواتین کا اغوا، ریپ مقدمہ کھلی عدالت میں چلایا جائے پاکستانی پانیوں پر بھارتی جارحیت کیخلاف بھرپور آواز اٹھائی جائے ، آزاد کشمیر کا معاملہ مذاکرات سے حل کریں:پریس کانفرنس

لاہور (کامرس رپورٹر سے ،سٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی نے مہنگائی کیخلاف 10جولائی جمعہ کو ملک گیر احتجاج کی کال دیدی۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پٹرولیم مصنوعات کی خریداری عوام کی جیب پر بوجھ ہے ، احتجاج کے علاوہ مہنگائی کم کرانے کا کوئی راستہ نہیں، لیوی کے نام پر بھتہ لیا جا رہا ہے ۔پٹرول لیوی بھتہ کیخلاف جمعہ کو ملک گیر مظاہرے  اور دھرنے ہونگے ۔انہوں نے کہا ایل این جی کی قیمت میں مزید 16 فیصد تک اضافہ ہوا ہے ۔، ایل پی جی 241روپے کلو حکومتی ریٹ کے برعکس 500 روپے کلو فروخت ہو رہی ہے ۔پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں معمولی کمی قبول نہیں ،گیس کے ذخائر کی نشاندہی کے باوجود گزشتہ بولی میں انٹرنیشنل کمپنیوں کا شرکت نہ کرنا حکومتی نااہلی کا ثبوت ہے ۔ حکومت فی لٹر پٹرول پر پٹرولیم لیوی اور ٹیکسوں کی مد میں عام آدمی سے 118روپے بھتہ وصول کررہی ہے ، پٹرولیم لیوی بھتہ کی صورت میں ابتک عوام سے ساڑھے 8ہزار ارب وصول کیے جاچکے ہیں جو پٹرولیم انفراسٹرکچر میں بہتری کی بجائے ٹیکس اہداف پورا کرنے کیلئے استعمال کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے حکومت سے پاکستان کے پانیوں پر بھارتی جارحیت کے مسئلہ کو بھرپور طریقہ سے عالمی فورمز پر اٹھانے ، ایران، پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ پر کام کے فوری آغاز اور ایران سے باضابطہ تجارت کے آغاز کے مطالبات کئے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے سندھ طاس معاہدے پر بھارتی رویے پر کہا کہ پاکستان نے بھارت سے جنگ کے بعد سفارتی محاذ پر موثر فائدہ نہیں اٹھایا، حکومت کو پانی کے مسئلہ پر سنجیدگی سے کام کرنا ہو گا۔انکاا مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیر مسئلہ کے حل کیلئے حکومت آگے بڑھے ،مذاکرات کی میز سجائے ، دشمنیوں کو نسلوں میں منتقل نہ کیا جائے ، جماعت اسلامی ثالثی کا کردار ادا کررہی ہے ، امیر جماعت اسلامی نے کہا غیر ملکی خواتین کی ساتھ جو گھناؤنا واقعہ ہوا وہ انتہائی شرمناک ہے ، اس کیس میں ملک کی جگ ہنسائی ہوئی، ملزم جتنے بھی طاقتور ہوں انصاف ہوتا نظر آنا چاہیے ۔غیرملکی خواتین کا اغوا، ریپ مقدمہ کھلی عدالت میں چلایا جائے ۔ انہوں نے کاہنہ میں بچوں کی شہادت پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور حکومت پر واضح کیا کہ اپنی نااہلی چھپانے کی آڑ میں ٹیوشن سنٹرز کو ہدف نہ بنائے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں