بینکنگ محتسب کا صارفین کو مالی ریلیف قابل ستائش:چیف جسٹس

 بینکنگ محتسب کا صارفین کو مالی ریلیف قابل ستائش:چیف جسٹس

سراج الدین کی یحییٰ آفرید ی سے ملاقات،بینکاری تنازعات کے موثر حل پرتبادلہ خیال

اسلام آباد(اے پی پی)چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحیی آفریدی سے بینکنگ محتسب پاکستان سراج الدین عزیز نے سپریم کورٹ میں ملاقات کی جس میں بینکاری تنازعات کے موثر اور تیز رفتار حل، جاری اصلاحاتی اقدامات اور انصاف کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر  نانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران حال ہی میں چیف جسٹس پاکستان کی زیر صدارت بطور چیئرمین لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان ہونے والے اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس کے تناظر میں بینکاری مقدمات کے نظام کو موثر بنانے ، قانون سازی اور طریقہ کار میں اصلاحات نیز متبادل تنازعاتی حل (اے ڈی آر) کے فروغ سے متعلق اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔

بینکنگ محتسب سراج الدین عزیز نے چیف جسٹس کو ادارے کی سال 2025 کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ادارے نے سال کے دوران 36 ہزار 280 شکایات نمٹا دیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ بینکنگ محتسب نے سال 2025 کے دوران بینکاری صارفین کو ایک ارب 87 کروڑ روپے سے زائد کا ریلیف فراہم کیا جبکہ شکایات کے ازالے کا پورا نظام شہریوں کے لیے مکمل طور پر مفت ہے ۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحیی آفریدی نے بینکنگ محتسب کی جانب سے بڑی تعداد میں شکایات کے بروقت فیصلے اور بینکاری صارفین کو نمایاں مالی ریلیف فراہم کرنے کی کاوشوں کو سراہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں