ذہنی مریض قرارتندرست باپ کی بحالی سنٹر سے رہائی کا حکم

 ذہنی مریض قرارتندرست باپ کی بحالی سنٹر سے رہائی کا حکم

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے عامر کی درخواست پر سماعت کی دولت کی لالچ میں حقیقی بچوں نے ناصر خان کو بحالی سنٹر داخل کروا یا:مدعی

لاہور (کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ نے بحالی سنٹر میں ذہنی مریض قرار دیکر داخل کرائے گئے تندرست باپ کو بازیاب کروا کر رہا کرنیکا حکم دیدیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے مدعی عامر کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت کے روبرو مدعی کی وکیل صغراں گلزار نے موقف اپنایا کہ دولت کی لالچ میں حقیقی 4بچوں نے اپنے باپ ناصر خان دولتانہ کو ذہنی مریضوں کے بحالی سنٹر داخل کروا دیا،باپ کے نام پر لڈن وہاڑی میں قیمتی کمرشل اراضی موجود ہے اور اس نے 8ایکڑ اراضی 28کروڑ روپے میں 19جون کو فروخت کرنے کا معاہدہ کیا،اسی رنجش پر انہوں نے باپ کو ذہنی مریض قرار دے دیا۔ناصر خان نے اپنے ایک بیٹے اور تین بیٹیوں کے نام 80 ایکڑ زمین منتقل کر دی ،بچوں نے زمین فروخت معاہدے کے بعدباپ کو 28 جون کو ویلنگ ویز سنٹر میں زبردستی داخل کروا دیا،استدعا ہے عدالت تندرست شخص کو ذہنی مریضوں کے بحالی سنٹر سے بازیاب کروانے کا حکم دے ،عدالت نے سماعت کے بعدتندرست شخص کو بازیاب کروا کر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں