پیپلز پارٹی کا بھارتی آبی دہشتگری کیخلاف ریلیوں کا اعلان

پیپلز پارٹی کا بھارتی آبی دہشتگری کیخلاف ریلیوں کا اعلان

اتوار کو سندھ بھر میں مرسوں مرسوں سندھو نہ ڈیسوں ریلیاں ہونگی،نثار کھوڑو بھارت کی جانب سے پانی روکنا ہمارے وجود کیلئے خطرہ ہے ، صدر پی پی پی سندھ

کراچی (سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی سندھ نے بھارتی آبی دہشت گردی کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کرتے ہوئے اتوار کو صوبے بھر میں مرسوں مرسوں سندھو نہ ڈیسوں ریلیاں نکالنے کا اعلان کردیا۔پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے نعرے کے تحت اتوار کو سندھ بھر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں مرسوں مرسوں سندھو نہ ڈیسوں ریلیاں نکالے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پیپلز پارٹی کی تمام ضلعی تنظیمیں اپنے اپنے اضلاع میں پانی پر ڈاکے کے خلاف مرسوں مرسوں سندھو نہ ڈیسوں بھرپور طریقے سے ریلیاں نکالیں۔ پی پی پی سندھ کے صدر نے کہا کہ پاکستان کے لیے سندھو دریا ،پانی ہماری بقا اور زندگی ہے جس کا گلا گھونٹنے نہیں دیا جائے گا، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ معطل رکھنا بین الاقوامی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے ، بھارت سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ معطل یا ختم نہیں کرسکتا۔ نثار کھوڑو نے کہا بھارت کی جانب سے ہمارا پانی روکنا ہمارے وجود کے لیے خطرہ ہے اور پیپلز پارٹی سندھو دریا کا گلا گھونٹنے نہیں دے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں