آبنائے ہرمز : بحری جہازوں پر 20 فیصد امریکی ٹیکس : ایرانی بندرگاہوں کی دوبارہ ناکہ بندی : ٹرمپ، تیل و گیس کی عالمی سپلائی خطرے میں : پاسداران انقلاب یمنی حوثیوں کا سعودی عرب پر میزائل حملہ
امریکی فوج کا درجنوں ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ، بحرین، اردن، کویت ،عمان پر جوابی حملے ،امریکا نے وعدوں پر عملدرآمد نہیں کیا، کوئی شک نہیں اسلام آباد میمورنڈم ختم ہوگیا:ایرانی وزارت خارجہ ایرانی طیارے کی لینڈنگ روکنے کیلئے صنعا کے ہوائی اڈے پر فضائی حملے کی تصدیق،حوثیوں کا میزائل مار گرایا:ترجمان سعودی اتحاد،خام تیل کی عالمی قیمتوں میں 9.6فیصد تک کا غیر معمولی اضافہ
واشنگٹن (نیوز ایجنسیاں )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ امریکا ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی کو دوبارہ نافذ کر رہا ہے اور آبنائے ہرمز کا کنٹرول سنبھال رہا ہے ، جہاں وہ بحری جہاز رانی پر چارجز (فیس) عائد کرے گا۔انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ باقی تمام ممالک کو آبنائے ہرمز استعمال کرنے کی منصفانہ اور کھلی اجازت ہوگی، امریکا کو اب سے آبنائے ہرمز کا محافظ جانا جائے گا۔ امریکی صدر نے اعلان کیا ہے کہ امریکا خلیجِ فارس (خاص طور پر آبنائے ہرمز) کے خطے کو تحفظ فراہم کرنے کے بدلے ، وہاں سے گزرنے والے کارگو جہازوں پر 20 فیصد ٹیکس یا فیس وصول کرے گا۔ ان کے مطابق یہ رقم سکیورٹی پر آنے والے اخراجات کو پورا کرنے کیلئے لی جائے گی اور اس فیصلے پر فوری عملدرآمد شروع کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ایران کی فوجی کمان نے پیر کو اس بات پر زور دیا کہ وہ امریکا کو تیل اور گیس کی سپلائی کے اس اہم راستے میں مداخلت کی اجازت نہیں دے گی۔ اس کے ساتھ ہی ایران نے اپنے خلیجی پڑوسیوں کو بھی خبردار کیا ہے جو ایران کے جوابی حملوں کا سب سے زیادہ شکار رہے ہیں کہ وہ واشنگٹن کے ساتھ تعاون کرنے سے باز رہیں۔ایران کی سپاہِ پاسداران نے پیر کے روز امریکا پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ سٹریٹجک اہمیت کی حامل آبنائے ہرمز میں مداخلت کر کے تیل اور گیس کی عالمی سپلائی کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان حسین محبی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں مزید کہا کہ تہران آبنائے ہرمز پر اپنی خودمختاری اور اس کے انتظام کو برقرار رکھے گا۔ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے پیر کے روز ایرانی درجنوں ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جبکہ ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے اس کے جواب میں بحرین، اردن، کویت اور عمان پر نئے حملوں کا اعلان کیا ہے اور اس بات پر اصرار کیا کہ یہ آبنائے بند ہے۔
اس سے قبل پیر کو ہی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ہم آبنائے کا کنٹرول سنبھال رہے ہیں،ٹرمپ نے کہا امریکا اب تک مفت میں اس آبنائے کی حفاظت کر رہا تھا، لیکن اب دولت مند ممالک اپنے لوگوں کو خطرے میں ڈالنے کے بدلے امریکا کو اس کام کا معاوضہ دیں گے ۔ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پیر کو کہا کہ حکومت جنگ میں شدت کو روکنے کیلئے قطر، پاکستان اور عمان کے ثالثوں کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے ۔ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق امریکا مفاہمتی یادداشت کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کررہا، امریکا نے معاہدے میں کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد نہیں کیا، کوئی شک نہیں اسلام آباد میمورنڈم ختم ہوگیا، امریکا نے اسلام آباد میمورنڈم کی کھلی خلاف ورزی کی۔
دوسری جانب یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کی وزارتِ دفاع نے صنعا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رن وے پر فضائی حملہ کرنے کی تصدیق کی ہے۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ یہ حملہ ایک ایرانی طیارے کو لینڈنگ سے روکنے کیلئے کیا گیا، جبکہ یمنی دارالحکومت صنعا پر قابض حوثی باغیوں نے اس کا ذمہ دار سعودی عرب کو ٹھہراتے ہوئے اس پر میزائل حملہ کردیا ۔جبکہ سعودی عرب کی قیادت میں قائم یمن اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے جنوبی سعودی علاقے کی طرف داغے گئے بیلسٹک میزائل کو دفاعی نظام نے ناکام بنا دیا ہے۔عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں 9 فیصد سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا،برینٹ خام تیل کی قیمت 9.6 فیصد بڑھ کر83.30 ڈالر فی بیرل اور ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 9.4فیصد اضافے کے ساتھ 78.14 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments