ایف بی آر :نیشنل فیس لیس سینٹر کیلئے پروگرام مینجمنٹ یونٹ قائم
ہر ماہ کارکردگی رپورٹ چیئرمین ایف بی آر کوپیش،نوے روز بعد پیشرفت رپورٹ لازمی
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور نیشنل فیس لیس سینٹر (این ایف سی) کے نفاذ کے لیے پروگرام مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو) قائم کر دیا ۔نوٹیفکیشن کے مطابق پی ایم یو، این ایف سی کے ملک بھر میں نفاذ تک یا ایف بی آر بورڈ کی جانب سے تحلیل کیے جانے تک کام کرے گا۔ یونٹ نئے ٹیکس آپریٹنگ ماڈل کے تحت این ایف سی کے نفاذ، مختلف اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور منصوبے پر عمل درآمد کی نگرانی کرے گا۔ایف بی آر کے مطابق پی ایم یو میں گریڈ 19 اور 20 کے افسران تعینات کیے جائیں گے جبکہ پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (پرال) کے چیف ریونیو ڈومین آفیسر کو بنیادی تکنیکی رابطہ کار مقرر کیا گیا ہے ۔
پرال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو بھی بطور ایکس آفیشیو رکن شامل کیا جائے گا۔پی ایم یو مربوط عمل درآمدی منصوبے ، اہداف اور کارکردگی اشاریوں (کے پی آئیز) کی نگرانی کرے گا جبکہ ایف بی آر کے ونگز، پرال اور دیگر متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری بھی اسی یونٹ کی ذمہ داری ہوگی۔ یونٹ ڈیٹا پروٹیکشن پالیسی پر عمل درآمد، متعلقہ ایس او پیز کی تیاری اور اعلیٰ عدالتوں کے فیصلوں پر عمل درآمد کی نگرانی بھی کرے گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق پی ایم یو کا ڈائریکٹر براہ راست ممبر ایڈمن/ہیومن ریسورس کو رپورٹ کرے گا۔ ہر ماہ کی 10 تاریخ تک چیئرمین ایف بی آر کو کارکردگی رپورٹ پیش کی جائے گی، جبکہ ہر 90 روز بعد پیش رفت کی باضابطہ رپورٹ بھی جمع کرانا لازمی ہوگا۔ ہنگامی صورت حال میں پی ایم یو ڈائریکٹر کو براہ راست چیئرمین ایف بی آر سے رابطے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments