موٹروے پر پنڈی بھٹیاں کے قریب حادثہ،دو افراد جاں بحق
ڈرائیور کو دورانِ سفر اونگھ آنے پر ٹرالر ہارڈ شولڈر پر کھڑی لوڈرگاڑی سے ٹکرا گیا
لاہور(کرائم رپورٹر)ایم 2 موٹروے پر پنڈی بھٹیاں کے قریب ٹریفک حادثے میں ٹرالر ہارڈ شولڈر پر کھڑی لوڈرگاڑی سے ٹکرا گیا جس سے دو افراد جاں بحق ہوگئے ۔ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن کے مطابق لوڈرگاڑی ایکسل میں تکنیکی خرابی پرہارڈ شولڈر پر کھڑی تھی۔ موٹروے پولیس نے مقررہ ایس او پیز کے مطابق گاڑی کو فوری امداد فراہم کرتے ہوئے جائے وقوعہ پر کوننگ بھی کر رکھی تھی تاکہ دیگر گاڑیوں کو بروقت خبردار کیا جا سکے ۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کی ٹیم فوری موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ سیکٹر کمانڈر فیصل اکرم نے بھی جائے حادثہ پر پہنچ کرریسکیو آپریشن کاجائزہ لیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کی وجہ ٹرالر ڈرائیور کو دورانِ سفر اونگھ آنا بتائی جا رہی ہے ، جس سے ٹرالر بے قابو ہو کر ہارڈ شولڈر پر کھڑی گاڑی سے جا ٹکرایا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments