پاکستان میں کوئی چیزخودبخود نہیں چلتی، دھکا لگانا پڑتا ہے :خواجہ آصف

پاکستان میں کوئی چیزخودبخود نہیں چلتی،  دھکا لگانا پڑتا ہے :خواجہ آصف

حکومت خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے ، ترقی اور نظا م کو چلانے کیلئے سیاستدانوں اور انتظامیہ کو مل کر کام کرنا ہو گا محسنوں کو فراموش کرنیوالوں کو تاریخ بھی بھول جاتی ہے :وزیردفاع،سیالکوٹ میں فیض احمدفیض فلائی اوور کا افتتاح

 سیالکوٹ (نمائندہ دنیا،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان میں دھکے کے بغیر کوئی چیز نہیں چلتی،حکومت خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے ، پاکستان آٹوموڈ پر نہیں چل سکتا، ملک کی ترقی اور نظا م کو چلانے کیلئے سیاستدانوں اور انتظامیہ کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ سیالکوٹ میں فیض احمد فیض فلائی اوورکاافتتاح کرنے کے بعدتقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ پاکستان میں کسی بھی منصوبے یا کام کو آگے بڑھانے کیلئے دھکا لگانا پڑتا ہے ، کوئی چیز خود بخود نہیں چلتی۔ اگر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو سیاست دانوں اور انتظامیہ کو ہر سطح پر مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی اور مل کر کام کرنا ہو گا۔

وزیر دفاع نے بتایا کہ کھاریاں سے راولپنڈی تک موٹروے منصوبے کا تقریباً 205 ارب روپے کا خطیر ٹھیکہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کو دیا جا چکا اور یہ منصوبہ اب عملی شکل اختیار کر رہا ہے ، اس منصوبے کے تحت دریائے چناب پر بننے والے اہم پل کی تعمیر بھی اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے ، یہ منصوبہ نہ صرف خطے کی معاشی ترقی بلکہ قومی دفاع کے نقطہ نظر سے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔فوجی قیادت کے شکرگزار ہیں جنہوں نے موٹر وے کی تکمیل میں اہم کردار ادا کیا۔ میں سمجھتا ہوں ہماری سیاسی زندگی میں یہ ایک ایسا سنگِ میل ہے جو دہائیوں تک یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں سیالکوٹ کو جی ٹی روڈ سے منسلک نہ ہونے کی وجہ سے شدید نظر انداز کیا گیا اور شہر محرومیوں کا شکار رہا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے سیالکوٹ کو موٹروے نیٹ ورک سے جوڑ کر اس دیرینہ محرومی کا ازالہ کیا۔رنگ روڈ کے پہلے مرحلے میں وزیرآباد روڈ، ڈسکہ روڈ، پسرور روڈ اور کشمیر روڈ جیسی اہم شاہراہوں کو آپس میں لنک کیا جائے گا، جس سے ٹریفک کا دباؤ ختم ہو گا اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے موجودہ شدید مالی دباؤ اور معاشی چیلنجز کے باوجود سیالکوٹ کے ان بڑے ترقیاتی منصوبوں کو مؤخر نہیں کیا، جس پر وہ اور سیالکوٹ کے باسی ان کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں، انہوں نے وفاقی حکومت اور وزیراعظم کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ان منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جس سے شہر میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنے محسنوں کو فراموش کر دیتی ہیں، تاریخ بھی انہیں فراموش کر دیتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...