اسحاق ڈار سے کویتی وزیر خارجہ کا رابطہ، حملوں پر تشویش

اسحاق ڈار سے کویتی وزیر خارجہ کا رابطہ، حملوں پر تشویش

تمام ممالک کی خودمختاری،علاقائی سالمیت کا احترام کیا جائے :نائب وزیراعظم ملک میں مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس اگست میں منعقد کرنیکی سفارش

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔کویتی وزیر خارجہ شیخ جراح نے اپنے ملک کی سرزمین پر جاری حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تمام فریق تحمل کا مظاہرہ کریں گے اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔شیخ جراح نے خطے میں مذاکرات کے فروغ اور استحکام کیلئے پاکستان کے تعمیری اور ثالثی پر مبنی کردار کو بھی سراہا۔

اسحاق ڈار نے فوری کشیدگی میں کمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تمام ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و سلامتی کا قیام اولین ترجیح ہونا چاہیے۔ انہوں نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت جنگ بندی سے متعلق وعدوں کی پاسداری اور ایسی کسی بھی کارروائی سے گریز پر بھی زور دیا جو کشیدگی میں مزید اضافے کا باعث بنے ۔گفتگو کے اختتام پر دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔دریں اثنا اسحاق ڈار نے مشترکہ مفادات کونسل سے متعلق کمیٹی (پری کونسل آف کامن انٹرسٹس کمیٹی )کے اجلاس کی صدارت کی۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم اور چیئرمین مشترکہ مفاد کونسل کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی نے مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے 53 ویں اجلاس سے قبل اسلام آباد میں نائب وزیراعظم کے دفتر میں تیاری اجلاس منعقد کیا۔ تفصیلی غور و خوض کے بعد کمیٹی نے وزیراعظم اور چیئرمین سی سی آئی کو سفارش کی کہ کونسل کا آئندہ اجلاس اگست 2026 میں منعقد کیا جائے ۔ نائب وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت کی مشترکہ ترجیح تعاون پر مبنی وفاقی نظام کو مزید مضبوط بنانا، وفاق اور صوبوں کے درمیان موثر ہم آہنگی کو فروغ دینا اور ایسے فیصلوں کو آگے بڑھانا ہے جو قومی مفاد کے تحفظ اور فروغ کا باعث ہوں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...