قومی بچت سکیموں پرسرمایہ کاروں، پنشنرز کیلئے شرح منافع کم
بہبود سیونگز، پنشنرز کے لئے شرح 13.20 فیصد سے کم کرکے 12.96 فیصد مقرر
کراچی (کامرس رپورٹر)وفاقی حکومت نے سرمایہ کاروں اور پنشنرز کیلئے قومی بچت (نیشنل سیونگز) کی مختلف سکیموں پر منافع کی شرح کم کر دی، نئی شرح کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا، جس کے تحت بہبود سیونگز سرٹیفکیٹ، پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ، ریگولر انکم سرٹیفکیٹ، اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹ اور شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ سمیت متعدد سکیموں کے منافع میں کمی کی گئی ہے ، اعلامیے کے مطابق بہبود سیونگز سرٹیفکیٹ اور پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ پر سالانہ منافع کی شرح13.20فیصد سے کم کرکے 12.96 فیصد مقرر کر دی گئی، طرح شہدا فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ پر بھی سالانہ منافع کی شرح کم کرکے 12.96 فیصد کر دی گئی۔
نیشنل سیونگز کے ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پر ماہانہ منافع کی شرح 12.24 فیصد سے کم کرکے 11.52 فیصد کی گئی ہے ، نئی شرح کے تحت ریگولر انکم سرٹیفکیٹ میں ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر سرمایہ کار کو اب 960 روپے ماہانہ منافع حاصل ہوگا، جو پہلے کے مقابلے میں کم ہے ، اعلامیے کے مطابق سپیشل سیونگز سرٹیفکیٹ پر پہلے چھ ماہ کیلئے منافع کی شرح 11.20 فیصد جبکہ آخری چھ ماہ کے لیے 12.60 فیصد مقرر کی گئی ہے ، مالیاتی ماہرین کے مطابق قومی بچت سکیموں پر منافع میں کمی کا فیصلہ اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی اور مارکیٹ میں شرح سود میں آنے والی تبدیلیوں کے تناظر میں کیا گیا، انکا کہنا ہے کہ نئی شرح منافع سے لاکھوں سرمایہ کار بالخصوص پنشنرز، بزرگ شہری، بیوائیں اور شہداء کے اہل خانہ متاثر ہونگے ، جو اپنی مستقل آمدنی کے لیے ان اسکیموں پر انحصار کرتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments