ریاست مخالف نعرے :بانی متحدہ کیخلاف مقدمہ دوبارہ فعال

ریاست مخالف نعرے :بانی متحدہ  کیخلاف مقدمہ دوبارہ فعال

کراچی(این این آئی، سٹاف رپورٹر)بانی ایم کیو ایم کے خلاف حکومت اور ریاست کے خلاف نعرے بازی کا مقدمہ دوبارہ فعال ہوگیا،سندھ پولیس نے گرفتار 5 ملزموں سید حمید پاشا، محمد تحسین، محمد عمر، مرزا وسیم اور آفاق عالم کو انسداد دہشت گردی عدالت پیش کیا۔۔۔

جس پر عدالت نے ان کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں کل 23 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے میں نامزد ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری بھی مطلوب ہے ، اس لیے گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش ضروری ہے ۔پولیس کے مطابق مقدمہ حکومت اور ریاست کے خلاف نعرے بازی کے الزام میں دوبارہ فعال کیا گیا ہے ۔ مقدمے میں ایم کیو ایم کے بانی کے علاوہ موجودہ چیئرمین خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار، سابق صوبائی وزیر رؤف صدیقی، سابق رکن قومی اسمبلی کنور نوید، سابق میئر وسیم اختر، قمر منصور اور محمود حسین کے نام بھی شامل ہیں جبکہ ایک ہزار سے 1200 نامعلوم افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

ملزموں پر الزام ہے کہ انہوں نے 12 مئی 2016 کو مزار قائد کے قریب شاہراہ قائدین کو زبردستی بند کیا اور حکومت و ریاست کے خلاف نعرے بازی کی۔عدالتی ریکارڈ کے مطابق اسی مقدمے میں نامزد ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار، رؤف صدیقی، وسیم اختر اور دیگر ملزمان کو نومبر 2022 میں عدالت بری کر چکی ہے جبکہ مقدمے کی تفتیش کے دوران مزید گرفتار کیے گئے ملزمان کے خلاف کارروائی جاری ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...