شیڈول تبدیل، آزادکشمیر الیکشن 3مراحل میں کرانے کا اعلان
27 جولائی کو میرپور، 2 اگست کو مظفرآباد ،مہاجرین کے حلقوں میں پولنگ ہوگی
مظفر آباد(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک ) الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کا شیڈول تبدیل کرتے ہوئے الیکشن تین مراحل میں کرانے کا اعلان کر دیا۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفی مغل نے کہا کہ 27 جولائی کو میر پور ڈویژن ، 2 اگست کو مظفر آباد اور مہاجرین جموں کشمیر کے انتخابی حلقوں میں ووٹنگ ہوگی۔ نیا شیڈول جاری کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پونچھ ڈویژن کے الیکشن 10 اگست کو ہوں گے ۔چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ مرحلہ وار انتخابات کے نتائج اسی روز شام کو جاری کئے جائیں گے ، جس دن پولنگ ہوگی اسی دن نتیجے کا اعلان ہوجائے گا، مہاجرین مقیم پاکستان کے 12 حلقوں میں انتخابات 2کو ہوں گے ،الیکشن کمیشن نے عام انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا کہ انتخابات مقررہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد کئے جائیں گے ، تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں شفاف، آزادانہ اور پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انتخابی شیڈول میں تبدیلی انتظامی امور، انتظامات کو مزید موثر بنانے ، شفاف، منظم اور پرامن پولنگ کو یقینی بنانے کے لئے کی گئی ہے۔
مرحلہ وار انتخابات سے سکیورٹی، انتخابی عملے کی تعیناتی اور انتخابی عمل کی نگرانی بہتر انداز میں ممکن ہو سکے گی ،چیف الیکشن کمشنر کے مطابق الیکشن فوج کی نگرانی میں ہوں گے ، عالمی مبصرین اور صحافیوں کو الیکشن کوریج کی مکمل اجازت ہو گی، الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور ووٹرز پر زور دیا کہ وہ ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں، انتخابی مہم کو پرامن رکھیں اور جمہوری عمل کی کامیابی کے لئے الیکشن کمیشن سے تعاون کریں۔میر پور ڈویژن میں کل 13 نشستیں ہیں، مظفرآباد ڈویژن اور مہاجرین کی کل 21 جبکہ پونچھ ڈویژن میں 11 نشستیں ہیں۔ ادھر الیکشن کمیشن نے امیدواروں، سیاسی جماعتوں اور انتخابی عمل سے وابستہ افراد کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ، ضابطے کے تحت انتخابی مہم کے اخراجات کی حد 50 لاکھ روپے مقرر کی گئی ، جبکہ امیدواروں کو نتائج کے اعلان کے 35 روز کے اندر اپنے انتخابی اخراجات کی مکمل تفصیلات جمع کرانا ہونگی ،جاری ضابط اخلاق کے مطابق سیاسی جماعتیں، امیدوار اور پولنگ ایجنٹس انتخابی عمل کے دوران عوام کے بنیادی حقوق اور آزاد ی کا مکمل احترام کریں گے اور ایسا کوئی اقدام یا بیان نہیں دیں گے۔
جس سے پاکستان، جموں و کشمیر، عدلیہ یا مسلح افواج کی توہین یا تضحیک کا پہلو نکلتا ہو۔الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ امیدوار الیکشن ایکٹ اور متعلقہ قوانین پر سختی سے عمل کریں گے ، جبکہ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان کے خلاف توہین آمیز رویے سے اجتناب کیا جائے گا۔ضابطہ اخلاق کے تحت کسی بھی مخالف امیدوار کو دستبردار کرانے کے لئے رشوت، مالی ترغیب یا کسی بھی قسم کا لالچ دینا ممنوع قرار دیا گیا ، امیدواروں اور ان کے انتخابی عملے کو الیکشن حکام کے ساتھ مکمل تعاون کا پابند بنایا گیا ہے ، بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے ، ساتھ ہی امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی ایسے معاہدے یا مفاہمت کا حصہ نہ بنیں جس کا مقصد خواتین یا خواجہ سراؤں کو ووٹ ڈالنے سے روکنا ہو۔ضابطے کے مطابق امیدوار کی انتخابی مہم پر کسی دوسرے فرد یا ادارے کی جانب سے کئے گئے اخراجات بھی امیدوار کے مجموعی انتخابی اخراجات میں شمار کئے جائیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments