قائمہ کمیٹی :ایم ڈی کیٹ اسسمنٹ کمیٹی ارکان کی تفصیلات طلب
تفصیلات 24 گھنٹے میں کمیٹی کو فراہم کی جائیں گی ، وزیرصحت کی یقین دہانی اجلاس، امتحانی شیڈول ،طلبہ کی شکایات ،نصاب کا جائزہ، نظام بہتر بنانے پر زور
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)سینیٹ کی ذیلی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت نے ایم ڈی کیٹ کے امتحانی نظام، طلبہ کی شکایات اور اسسمنٹ کمیٹی کے معاملات کا جائزہ لیتے ہوئے اسسمنٹ کمیٹی کے ارکان کی مکمل تفصیلات طلب کر لیں۔ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے یقین دہانی کرائی کہ مطلوبہ تفصیلات 24 گھنٹوں میں کمیٹی کو فراہم کر دی جائیں گی۔سینیٹر انوشہ ر حمن کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی وزیر صحت پی ایم ڈی سی حکام، مختلف جامعات کے وائس چانسلرز کمیٹی اراکین نے شرکت کی، جبکہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری آن لائن شریک ہوئیں ، اجلاس میں وزیر صحت کی تاخیر سے آمد پر بعض ار کان نے تحفظات کا اظہار بھی کیا۔
پی ایم ڈی سی حکام نے بتایا کہ رواں سال ایم ڈی کیٹ پاکستان کے 35 شہروں اور سعودی عرب کے شہر ریاض سمیت 36 مراکز پر ایک ہی روز ہوگا، جس میں تقریباً ایک لاکھ 35 ہزار امیدوار شریک ہوں گے ۔چیئرپرسن انوشہ رحمن نے کہا کہ انہیں ایک ہزار کے قریب شکایات موصول ہوئی ہیں، جن میں نصاب، امتحانی شیڈول اور تیاری کے لئے کم وقت سے متعلق مسائل شامل ہیں۔ وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ شکایات کا ازالہ کیا جائے گا اور اس سال آخری بورڈ امتحان کے تقریباً تین ہفتے بعد ایم ڈی کیٹ ہوگا تاکہ طلبہ کو بہتر تیاری کا موقع مل سکے ۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی بعض مہمات کے پیچھے "مافیا" کے سرگرم ہونے کا بھی دعویٰ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments