کینیڈا کیساتھ دوستی نئی بلندیوں تک لے جائینگے ، یوسف رضا
وزیر خارجہ کا دورہ تعلقات سرمایہ کاری کے فروغ میں نئی پیش رفت کا باعث بنے گا
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان پارلیمانی سفارتکاری، تجارت اور عوامی روابط کے فروغ کے ذریعے کینیڈا کے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لئے پرعزم ہے ۔ کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب اور بعد ازاں ملاقات میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تقریباً آٹھ دہائیوں پر محیط تعلقات باہمی احترام، اقتصادی تعاون، تعلیمی روابط اور کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات پر استوار ہیں۔انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تجارت دونوں ممالک کے تعلقات کا بنیادی ستون ہے اور کینیڈا پاکستان کا قابلِ اعتماد اقتصادی شراکت دار ہے۔
ان کے بقول کینیڈا سے درآمد کی جانے والی زرعی اجناس پاکستان کی غذائی سلامتی اور صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔یوسف رضا گیلانی نے توانائی، صاف ٹیکنالوجی، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، سرمایہ کاری اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پارلیمانی روابط مضبوط بنانے ، کثیرالجہتی فورمز پر تعاون بڑھانے اور ایس آئی ایف سی کے تحت کینیڈین سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کا بھی اظہار کیا ، چیئرمین سینیٹ نے امید ظاہر کی کہ وزیر خارجہ انیتا آنند کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں نئی پیش رفت کا باعث بنے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments