عدالتی انتظام میں ترک تجربات سے بھرپور استفادہ کیا :چیف جسٹس

 عدالتی انتظام میں ترک تجربات سے بھرپور استفادہ کیا :چیف جسٹس

پاکستان اور ترکیہ کی وکلا تنظیموں میں روابط سے پیشہ ورانہ استعدادکار مزید مستحکم ہوگی

اسلام آباد(اے پی پی) چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات دونوں ممالک کے درمیان عدالتی اور قانونی شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں جبکہ وکلا تنظیموں کے درمیان روابط سے ادارہ جاتی تعاون اور پیشہ ورانہ استعدادکار مزید مستحکم ہوگی۔سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے سپریم کورٹ پاکستان میں پاکستان بار کونسل کی دعوت پر پاکستان کے دورے پر آئے استنبول بار ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو اور پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین پیر محمد مسعود چشتی بھی موجود تھے۔

چیف جسٹس نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے عدالتی انتظام اور قانونی اصلاحات کے شعبے میں ترکیہ کے تجربات سے بھرپور استفادہ کیا ہے ۔ انہوں نے دونوں ممالک کی قانونی برادریوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کے ساتھ ساتھ بار ایسوسی ایشنز کے درمیان پیشہ ورانہ روابط بھی ادارہ جاتی تعلقات کو مزید مضبوط اور باہمی مفاہمت کو فروغ دیں گے ۔ استنبول بار ایسوسی ایشن کے وفد نے سپریم کورٹ پاکستان کی جانب سے پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور ترکیہ کی وکلا برادری کے درمیان علم، پیشہ ورانہ مہارت اور بہترین تجربات کے تبادلے کے ذریعے تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...