ایرانی وزیر داخلہ کی مزار اقبال پر حاضری، الیکشن کمیشن کا دورہ
سکندر مومنی کے لاہور پہنچنے پر گورنر سلیم حیدر اور محسن نقوی نے استقبال کیا چیف الیکشن کمشنر کی وفد کو الیکشن کمیشن کی ٹریننگ اکیڈمی میں تعاون کی پیشکش
لاہور (سپیشل رپورٹر،دنیا نیوز)گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گزشتہ روز ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی کی لاہور ایئرپورٹ آمد پر ان کاپر تپاک استقبال کیا۔ گورنر پنجاب نے ایرانی وزیر داخلہ کے ہمراہ مزاراقبال پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر دونوں ممالک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ گورنر سلیم حیدر نے کہا کہ پاکستان ہر مشکل گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑا رہے گا،پاکستان نے ایران امریکا جنگ میں ثالثی کا کردار ادا کر کے خطے میں امن کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہمیں اپنے دوست ملک ایران پر فخر ہے کہ جس نے دشمن کی جارحیت کا بھر پور اور موثر طریقے سے جواب دیا اور سرخرو ہوا۔
دریں اثنا ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے الیکشن کمیشن پاکستان کا دورہ کیا، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے وفد کا خیرمقدم کیا۔ اعلامیے کے مطابق ایرانی وفد میں گورنرز، وزرا اور ایران کے اہم سرکاری اداروں کے اعلیٰ حکام شامل تھے جبکہ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے وفد کو ادارے کے آئینی ڈھانچے اور انتخابی نظام پر تفصیلی بریفنگ دی۔چیف الیکشن کمشنر نے ایرانی وفد کو الیکشن کمیشن کی ٹریننگ اکیڈمی میں تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات کو انتخابی تعاون کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں انتخابی عملہ سرکاری ملازمین اور جوڈیشل افسران پر مشتمل ہوتا ہے ۔اعلامیے کے مطابق ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے مشکل وقت میں پاکستان کی حمایت کو سراہا اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو ایران کے دورے کی دعوت بھی دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments