بلوچستان :سیشن جج گن مین سمیت شہید ، ایڈیشنل جج زخمی
دہشتگردوں نے گاڑی پر فائرنگ کی، عبدالحکیم کاکڑ دم توڑ گئے ، زخمی ہسپتال منتقل
کوئٹہ،اسلام آباد (سٹاف رپورٹرز، نیوز ایجنسیاں)بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دہشتگردوں نے فائرنگ کرکے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور ان کے سرکاری محافظ کو شہید جبکہ ایک ایڈیشنل سیشن جج سمیت دو افراد کو زخمی کر دیا،دوسری طرف دکی کے علاقے میں نامعلوم دہشتگردوں نے بارودی مواد سے تھانہ ترین کی عمارت کودھماکے سے اڑا دیا جبکہ بلوچستان حکومت نے ضلع مستونگ کی سب تحصیل کھڈ کوچہ میں تاحکمِ ثانی کرفیو نافذ کردیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف نے سیشن جج اور ان کے گن مین کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صبح کوئٹہ سے تقریباً 50 کلومیٹر دور کوئٹہ-کراچی شاہراہ پر مستونگ کے علاقے سنگر میں ولی خان ریلوے پھاٹک کے قریب نامعلوم افراد نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے سرکاری محافظ کو شہید کر دیا۔
مستونگ کے ایس پی اللہ بخش کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ، مستونگ کے ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری اور سرکاری محافظ کے ہمراہ گاڑی میں کوئٹہ سے مستونگ جا رہے تھے کہ دہشتگردوں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں عبدالحکیم کاکڑ اور سرکاری محافظ محمد زمان موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے ،حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے ، اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ آخری اطلاعات تک کسی تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ادھر محکمہ داخلہ بلوچستان نے امن و امان کے پیش نظر ضلع مستونگ کی سب تحصیل کھڈ کوچہ میں تاحکمِ ثانی کرفیو نافذ کر دیا۔
دریں اثناء دکی کے علاقے میں نامعلوم دہشتگردوں نے بارودی مواد سے تھانہ ترین کی عمارت کو اڑا دیا جس سے دیواریں اور کمرے منہدم ہوگئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ یاد رہے چند روز قبل تھانہ ترین پر حملے میں ایک اہلکار شہید اور 3 اہلکار زخمی ہوگئے تھے ،اُس حملے کے بعد مذکورہ تھانہ خالی کردیا گیا تھا۔علاوہ ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف ،چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے الگ الگ مذمتی بیان میں سیشن جج عبدالحکیم اور ان کے گن مین کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا جبکہ زخمی جوڈیشل مجسٹریٹ جج طارق لاشاری اور دیگر افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔ مزید برآں شہید ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، جس کے بعد انہیں سپرد خاک کر دیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments