پنجاب:سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہوں، الائونسز، پنشن میں اضافہ

پنجاب:سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہوں، الائونسز، پنشن میں اضافہ

بیسک پے سکیل 2026 نافذ ،یکم جولائی سے اطلاق ،تنخواہیں نئے پے سکیل میں منتقل پنشن میں 3 اعشاریہ 5 فیصد اضافہ ، الاؤنس بنیادی تنخواہ کے 100 فیصد کے برابر برقرار

لاہور(اپنے نامہ نگارسے )پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے لئے تین اہم نوٹیفکیشنز جاری کرتے ہوئے مختلف الاؤنسز، بنیادی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کردیا، پنجاب سول سیکرٹریٹ، گورنر ہاؤس، سول سیکرٹریٹ، وزیراعلیٰ آفس کے افسروں اور ملازمین کے لئے سیکرٹریٹ الاؤنس بنیادی تنخواہ کے 100 فیصد کے برابر برقرار رکھا گیا ہے تاہم اب اس کا حساب بیسک پے سکیل 2026 کے مطابق کیا جائے گا، یکم جولائی 2026سے سرکاری ملازمین کو 7 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2026 دیا جائے گا، مختلف گریڈز کا خصوصی کنوینس الاؤنس 6 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار روپے ماہانہ کر دیا گیا ہے ، پنجاب سول سیکرٹریٹ، گورنر ہاؤس، سیکرٹریٹ اور چیف منسٹر آفس کے اہل ملازمین کے لیے سول سیکرٹریٹ الاؤنس نئے بنیادی پے سکیل 2026 کے مطابق بنیادی تنخواہ کے 100 فیصد کے برابر برقرار رکھا گیا ہے ، تمام موجودہ سول پنشنرز کی خالص پنشن میں 3اعشاریہ 5فیصد اضافہ بھی منظور کر لیا گیا ہے ۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب حکومت نے بیسک پے سکیل 2022 کی جگہ بیسک پے سکیل 2026 نافذ کر دئیے ہیں جن کا اطلاق یکم جولائی 2026ء سے ہوگا۔ موجودہ ملازمین کی تنخواہیں پوائنٹ ٹو پوائنٹ بنیاد پر نئے پے سکیل میں منتقل کی جائیں گی یعنی جس سٹیج پر ملازم 30 جون 2026ء کو موجود ہوگا جن ملازمین کو پرسنل پے مل رہی ہے وہ بھی نئے سکیل میں برقرار رہے گی۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ سالانہ انکریمنٹ کا نظام بدستور برقرار رہے گا اور نئے پے سکیل میں منتقل ہونے والے موجودہ ملازمین کو پہلی سالانہ انکریمنٹ یکم دسمبر 2026ء کو ملے گی،محکمہ خزانہ نے 2022ء اور 2025ء کے ایڈہاک ریلیف الاؤنسز یکم جولائی 2026ء سے ختم کر دئیے جبکہ ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2023 سابقہ منجمد سطح پر برقرار رہے گا،نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کو بھی 2023ء کا الاؤنس بی ایس 1 تا 16 کے لئے بنیادی تنخواہ 2022 کے 35 فیصد اور بی ایس 17 تا 22 کے لیے 30 فیصد کے حساب سے نوٹیشنل بنیاد پر دیا جائے گا، اسی طرح ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2024 بھی منجمد سطح پر برقرار رہے گا جبکہ نئے ملازمین کو بی ایس 1 تا 16 کے لیے 25 فیصد اور بی ایس 17 تا 22 کے لیے 20 فیصد نوٹیشنل بنیاد پر دیا جائے گا۔

یکم جولائی 2026ء سے تمام اہل سرکاری ملازمین کے لئے ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2026 بنیادی تنخواہ 2026 کا 7 فیصد مقرر کیا گیا ہے ۔ یہ الاؤنس صرف باقاعدہ اور کنٹریکٹ ملازمین جو ریگولر پے سکیل پر کام کر رہے ہیں ان کو ملے گا، یہ انکم ٹیکس کے دائرے میں ہوگا، رخصت کے دوران بھی قابل ادائیگی ہوگا، تاہم غیر معمولی رخصت کے دوران نہیں ملے گا۔ یہ پنشن، گریجویٹی، ہاؤس رینٹ یا دیگر واجبات کی کیلکولیشن کا حصہ نہیں ہوگا۔ بیرون ملک تعینات ملازمین کو یہ الاؤنس نہیں ملے گا، البتہ بیرون ملک سے واپس آنے والے ملازمین کو مقررہ شرائط کے مطابق ادا کیا جائے گا۔ معطلی کے دوران بھی یہ قابل ادائیگی ہوگا، نوٹیفکیشن کے مطابق بیسک پے میں سالانہ انکریمنٹ کی بنیاد پر ملنے والی پرسنل پے بھی شامل تصور ہوگی۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ جن خصوصی الاؤنسز اور سپیشل پیز کا تعلق بنیادی تنخواہ سے ہے ، وہ نئے بیسک پے سکیل 2026 کے مطابق خودکار طور پر بڑھ جائیں گے تاہم جن الاؤنسز میں کسی مخصوص پے سکیل کا واضح ذکر موجود ہے ، ان میں حکومت کی الگ منظوری کے بغیر کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔ کنوینس الاؤنس میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے ۔

بی ایس 1 تا 4 کا کنوینس الاؤنس 1785 سے بڑھا کر 2678 روپے ، بی ایس 5 تا 10 کا 1932 سے 2898 روپے ، بی ایس 11 تا 15 کا 2856 سے 4284 روپے جبکہ بی ایس 16 اور اس سے اوپر کے ملازمین کا کنوینس الاؤنس 5000 سے بڑھا کر 7500 روپے ماہانہ کر دیا گیا ہے ۔ معذور ملازمین کے لئے خصوصی کنوینس الاؤنس 6 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار روپے ماہانہ کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر تمام شرائط برقرار رہیں گی۔محکمہ خزانہ نے موجودہ سرکاری ملازمین کو اختیار دیا ہے کہ وہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے 30 روز کے اندر تحریری طور پر ناقابل واپسی آپشن استعمال کرتے ہوئے بیسک پے سکیل 2022 یا بیسک پے سکیل 2026 میں سے کسی ایک کے تحت تنخواہ وصول کرنے کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ مقررہ مدت میں آپشن نہ دینے والے ملازمین کو خودکار طور پر بیسک پے سکیل 2026 کا انتخاب کرنے والا تصور کیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نفاذ کے دوران سامنے آنے والی بے ضابطگیوں یا مسائل کے حل کے لئے محکمہ خزانہ میں کمیٹی بھی قائم کی جائے گی۔ دوسرے نوٹیفکیشن کے تحت پنجاب حکومت نے موجودہ سول پنشنرز کی خالص پنشن میں 3 اعشاریہ 5 فیصد اضافہ منظور کیا ہے جس کا اطلاق بھی یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔ یہ اضافہ ان ملازمین پر لاگو نہیں ہوگا جو یکم جولائی 2026 یا اس کے بعد ریٹائر ہوں گے ۔ خاندانی پنشن، کمپیشنٹ الاؤنس اور بیرون ملک مقیم اہل پنشنرز بھی مقررہ شرائط کے مطابق اس اضافے سے مستفید ہوں گے تاہم سپیشل ایڈیشنل پنشن کی صورت میں یہ اضافہ قابل ادائیگی نہیں ہوگا۔ تیسرے نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب سول سیکرٹریٹ، گورنر ہاؤس، سیکرٹریٹ اور چیف منسٹر آفس کے ان ملازمین کے لیے جو متعلقہ اداروں کے پے رول پر ہیں، سول سیکرٹریٹ الاؤنس بنیادی تنخواہ کے 100 فیصد کے برابر برقرار رکھا گیا ہے تاہم اب اس کا حساب بیسک پے سکیل 2026 کے مطابق کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...