لاڑکانہ کے نوابوں کو پنجاب کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی : عظمیٰ
وزیراعلیٰ نے وسائل کو اٹک سے رحیم یار خان اور راولپنڈی سے وہاڑی تک پہنچایا پنجاب میں اگر پیپلز پارٹی چوتھے نمبر کی جماعت ہے تو ہمارا کیاقصور :وزیر اطلاعات
لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی کے ترجمانوں کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاڑکانہ کے نوابوں کو پنجاب کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، حقیقت یہ ہے کہ پنجاب کے عوام مسلم لیگ (ن)کی کارکردگی پر اپنے اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں،پنجاب میں عوام کا پیسہ عوام کی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہو رہا ہے اور یہی بات پیپلزپارٹی کو ناگوار گزر رہی ہے۔ اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی حکومت کو صرف دو سال ہوئے لیکن اس مختصر عرصے میں وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بناتے ہوئے ترقی کا دائرہ اٹک سے رحیم یار خان اور راولپنڈی سے وہاڑی تک پھیلا دیا گیا، اگر پیپلز پارٹی پنجاب میں چوتھے نمبر کی جماعت ہے تو اس کی ذمہ دار مسلم لیگ (ن)نہیں بلکہ ان کی اپنی سیاسی کارکردگی ہے ۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب مرتضیٰ وہاب لاہور میں سیکھنے آئے تو پنجاب حکومت نے ہر ممکن تعاون کیا، ہماری خواہش ہے سندھ کے عوام بھی بہتر طرزِ حکمرانی اور ترقی کے ثمرات سے مستفید ہوں۔انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بڑی سیاسی جماعت کے چیئرمین ہیں، انہیں نفرت اور تقسیم کی سیاست سے گریز کرنا چاہیے ،سندھ میں ترجمانوں کی پوری فوج صرف پنجاب پر تنقید کرنے کیلئے سرگرم ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments