8 لاکھ ٹن گندم کی خریداری قیمت اور دستیابی سے مشروط
گندم کی دستیابی،قیمت پر مذاکرات کے بعد معاملہ پنجاب کابینہ میں پیش کیا جائیگا خریداری نہ ہونے سے پنجاب میں گندم بحران،آٹا،روٹی مزید مہنگی ہو نیکا خدشہ
لاہور(محمد حسن رضا سے ،عمران اکبر) پنجاب حکومت نے گندم کی ضروریات پوری کرنے کے لیے پاسکو سے مزید آٹھ لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کا فیصلہ کرتے ہوئے وفاقی وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق سے گندم کی دستیابی اور قیمت کی تفصیلات طلب کر لی ہیں، محکمہ خوراک و تحفظِ صارفین پنجاب کی جانب سے 21 جولائی 2026 کو وفاقی سیکرٹری وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کو لکھے گئے مراسلے کے مطابق پنجاب حکومت نے پہلے سے منظور شدہ دو لاکھ میٹرک ٹن کے علاوہ مزید آٹھ لاکھ میٹرک ٹن گندم پاسکو سے حاصل کرنے کی درخواست کی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ مزید 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی خریداری کے حوالے سے وفاقی وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے اس مرحلے پر گندم کی عدم دستیابی کی نشاندہی کی ہے ۔ اس کے باوجود پنجاب حکومت نے متعلقہ وفاقی وزارت کو ہدایت کی ہے کہ وہ گندم کی دستیابی اور قیمت کے تعین کے لیے مذاکرات کرے ۔ پنجاب حکومت نے وفاق سے دو بنیادی معلومات فوری طور پر مانگی ہیں۔ پہلی یہ کہ مالی سال 2026-27 کے دوران پاسکو کے پاس پنجاب کو فراہم کرنے کے لیے 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم دستیاب ہے یا نہیں، جبکہ دوسری یہ کہ اس گندم کی فی 40 کلوگرام قیمت کیا ہوگی۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ گندم کی دستیابی اور قیمت پر مذاکرات مکمل ہونے کے بعد معاملہ حتمی توثیق کے لیے دوبارہ پنجاب کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اضافی 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی خریداری ابھی قیمت اور دستیابی سے مشروط ہے ،دریں اثنا ذرائع کے مطابق محکمہ خوراک پنجاب نے 30لاکھ میٹرک ٹن گندم خریداری ہدف رکھا تھا لیکن صرف 4لاکھ 80 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدی گئی ،گندم خریداری نہ ہونے سے پنجاب میں گندم بحران کا خدشہ ہے ، جس سے آٹا اور روٹی مزید مہنگی ہونے کا خطرہ لاحق ہے۔
پنجاب حکومت نے پاسکو سے 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کی منظوری دی، 21 جولائی کو ڈی جی فوڈ امجد حفیظ نے ایم ڈی پاسکو کو خط لکھا کہ صفر اشاریہ 2 ملین ٹن گندم کی خریداری کی منظوری پہلے دی جا چکی ۔ خط کے متن کے مطابق اس وقت پنجاب کے پاس گندم ذخائر طلب کے مطابق موجود نہیں،پنجاب نے پاسکو سے گندم کی ڈلیوری کا دورانیہ 4 ماہ میں مکمل کرنے کی درخواست کی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments